الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 2 ممبران ریٹائر ہوگئے

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 2 ممبران ریٹائر ہوگئے
اسلام آباد ( پبلک نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دو ممبران پانچ سالہ مدت پوری کرنے کے بعد آج ریٹائرہوگئے۔ ممبر خیبر پختونخوا ارشاد قیصر اورممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی آج ریٹائر ہوئے۔ حکومت اور اپوزیشن کے مابین سردمہری، نئےممبران کی تقرری کے لیے حکومت و اپوزیشن میں مشاورت کا آغاز نہ ہو سکا۔ وزیراعظم کو الیکشن کمیشن کے ممبران کی ریٹائرمنٹ سے متعلق متعدد باربریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں معاملہ 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔ الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی کے لیے وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف تین تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجواتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے سینئر وفاقی وزرا کو موزوں نام تلاش کرنے کا ٹاسک سونپ رکھا ہے۔ نئے ممبران کےلئے ہائی کورٹ کے سابق ججز، ریٹائرڈ بیوروکریٹس یا ٹیکنوکریٹس میں سے انتخاب کیا جائے گا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق آئین کے مطابق ممبران کی تقرری کا طریقہ کار اپنائیں گے۔ آئین کے تحت حکومت نے 45 دن کے اندر نئے ممبران کی تعیناتی کرنا ہوتی ہے۔ قانون کے تحت الیکشن کمیشن اپنے 3 ارکان کے ساتھ فعال رہ سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن 2 ریٹائرڈ ممبران کا عہدہ پُر کرنے کے لیے وزارت پارلیمانی امور کو 2 خطوط لکھ چکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کو دوممبران کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے آگاہ کیا تھا۔ موجودہ حکومت میں اس سے قبل بھی الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی تعیناتی کا معاملہ ایک سال تک لٹکا رہا تھا۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔