(ویب ڈیسک)بھارتی سیاست دان اسد الدین اویسی نے لوک سبھا کی رکنیت کا حلف اٹھاتے ہوئے جے فلسطین اور اللہ اکبر کے نعرے لگادیے۔
تفصیلات کے مطابق آل انڈیا مجلس اتحاد المسلیمن کے صدر نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے 18ویں لوک سبھا کا ممبر منتخب ہونے کے بعد رکن پارلیمنٹ کا حلف لیا،بھارت لوک سبھا کے آج ہونے والے اجلاس میں نو منتخب اراکین کی حلف برداری جاری تھی کہ اسی دوران حلف برداری کے لیے ریاست تلنگانہ سے منتخب رکن اسد الدین اویسی کا نام پکارا گیا۔
اسد الدین اویسی جب ڈائس کی جانب بڑھنے لگے تو ایوان میں جے شری رام کے نعرے سنائی دیے۔اسد الدین اویسی نے اردو میں حلف پڑھا اور آخر میں ’جے بھیم، جے میم، جے تلنگانہ، جے فلسطین، تکبیر اللہ اکبر‘ کہا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ’جے بھیم، جے میم‘ کا نعرہ ان سیاسی جماعتوں کی جانب سے لگایا جاتا ہے جو سمجھتی ہیں کہ بھارت میں دلتوں اور مسلمانوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔
حکمران اتحاد کی جانب سے حلف کے بعد نعرے لگانے پر اسد الدین اویسی پر سخت تنقید کی جارہی ہے اور کئی اراکین نے اس اقدام کو خلاف آئین بھی قرار دیا ہے۔
پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہا کہ ان کے اقدام کو خلاف آئین قرار دینے والے اس حوالے آئین کی شق بتائیں، لوک سبھا کے اسپیکر نے اسد الدین اویسی کی جانب سے لگائے جانے والے نعروں کو ایوان کی کارروائی سے حذف کروادیا۔
یاد رہے کہ اسدالدین اویسی نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی امیدوار مادھوی لاٹھا کو سوا تین لاکھ سے زائد وٹوں سے شکست دی تھی۔