عمران خان خونی انقلاب منسوخ کرکے امن کا راستہ اپنائے

عمران خان خونی انقلاب منسوخ کرکے امن کا راستہ اپنائے
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عہدیداروں کے گھروں سے بھاری اسلحہ وگولہ بارود برآمد ہونا خونی مارچ کے ثبوت ہیں۔ عمران خان سے کہتا ہوں کہ خونی انقلاب منسوخ کرکے، آئین، قانون اور امن کا راستہ اپنائے۔ وزیر داخلہ کی جانب سے عمران خان کیلئے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ لاہور پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری کا گھر بارود خانہ نکلا۔ سیاست کے لبادے میں دہشت گردی کی سازش برداشت نہیں کریں گے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ یہ ثبوت ہے کہ عمران نیازی سیاست نہیں کر رہا بلکہ دہشت گردی پر اتر آیا ہے۔ بے گناہ پولیس جوان کمال احمد کے سینے میں لگی گولی کہاں سے آئی، قوم نے دیکھ لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ یہ پُرامن سیاسی کاررواں نہیں بلکہ مسلح لشکر کشی ہے۔ اسلحہ کی برآمدگی اور پنجاب پولیس کے جوان کی شہادت کے بعد عمران نیازی پر اعتبار نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی خیبر پختونخوا حکومت کے سرکاری وسائل اور سرکاری مشینری کو اپنے فساد کے لئے استعمال نہ کرے۔ معیشت کی بنیادوں میں بارود بھرنے والوں کو معاشرے کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آئین اور قانون پر سختی سے عمل ہوگا، قانون صرف اسے پکڑے گا جو قانون ہاتھ میں لے گا۔ عوام کے جان ومال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ پونے چار سال قوم کو وعدوں کے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے والے اب بتی چوک کی آوازیں لگا رہے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔