ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق میانوالی کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ۔ ترجمان پاک فضائیہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کے ٹریننگ مشن کے دوران میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پائلٹ پیراشوٹ کے ذریعے زمین پر اترنے میں کامیاب رہا تاہم زمین پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ، ائیر ہیڈ کوارٹرز نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دی ۔ خیال رہے کہ رواں سال تربیتی طیارے کا یہ دوسرا حادثہ ہے ، اور اس سے پہلے بھی بائیس مارچ کو پشاور کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا اور طیارے میں موجود دونوں پائلٹ شہید ہوگئے تھے۔