لاہور ( پبلک نیوز) چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ لوٹی دولت واپس دلانا بہت مشکل کام ہے۔ نیب ریکوری سے متعلق چائے کی پیالی میں طوفان برپا کیا گیا۔ ریکوری کرنسی کی شکل میں نہیں ہوتی کہ آپ کو بلا کر نوٹ گنوا دیں۔ چیئرمین نیب نے کہا ریفرنسز کا فیصلہ کرنا اختیار میں ہوتا تو کیس کبھی سالہا سال نہ چلتے۔ نیب کو حکومت کا حامی کہنا ظالمانہ تنقید ہے، کوئی مقدس گائے نہیں، جو کرے گا وہ بھرے گا۔ عوام کو چاہیے کہ سرمایہ کاری سے پہلے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تحقیق کرلیا کریں۔ مجھے جتنا برا بھلا کہیں، الزام تراشی کریں، نیب نے جو جنگ شروع کی وہ جاری رہے گی۔ کچھ لوگ سیاست میں اپنے آپ کو نیب کی بنیاد پر زندہ رکھنا چاہتے ہیں، کچھ لوگ خواب میں بھی نہیں سوچ سکتے تھے کہ ان سے بلا کر منی ٹریل مانگی جائے گی۔ پاپڑ والا، گنڈیری والا اتنے امیر کیسے ہوگئے۔