کراچی ( پبلک نیوز) شرح سود میں اضافے کا اثر، مسلسل چوتھے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی رہی، انڈیکس 427 پوائنٹس کم ہو کر 43 ہزار 935 پر بند ہوا۔ روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 6 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے شرح سود میں اضافے کا اثر مسلسل چوتھے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کی صورت میں نظر آیا۔ مندی کی لہر چوتھے روز بھی برقرار رہی اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 427 پوائنٹس کم ہوکر 43935 پر بند ہوا۔ انڈیکس کی کم ترین سطح 43734 رہی۔ بازار میں 19 کروڑ شیئرز کا کاروبار 8.39 ارب روپے میں ہوا، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 53 ارب روپے کم ہوکر 7574 ارب روپے رہی۔ چار روز میں 100 انڈیکس 2553 پوائنٹس گرچکا ہے۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 370 ارب روپے کم ہوئی ہے۔ دوسری جانب انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 6 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور قیمت 175 روپے 4 پیسے کم ہو کر 174 روپے 98 پیسے ہو گئی۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا ہوکر 178 روپے کا ہوگیا۔