ارشد شریف قتل: تحقیقات کیلئے فوری جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا مسترد

ارشد شریف قتل: تحقیقات کیلئے فوری جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا مسترد
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے فوری جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا مسترد کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہرمن اللہ نے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کی تشکیل کی درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں پٹیشنر وکیل شعیب رزاق عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سوال کیا کہ کیا ارشد شریف کی فیملی کے پاس کوئی گیا ہے؟ انہیں کوئی معاونت چاہیے؟ اس پر وکیل نے جواب میں بتایا کہ ارشد شریف کی میت آج پاکستان پہنچ جائے گی اور ہماری استدعا ہے کہ قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ انکوائری کے معاملے پر صحافتی تنظیموں کو آن بورڈ رکھا جائے، اس مرحلے پر کمیشن بنانے کا کوئی بھی فائدہ نہیں ہوگا۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو کہا کہ کینیا کی حکومت کی جانب سے رپورٹ آجائے گی اور اگردرخواست گزارکو کینیا کی رپورٹ پراعتراض ہوا تو کیس مزید سن لیا جائے۔ صحافی ارشد شریف کے وکیل شعیب رزاق کا کہنا تھا کہ سینئر صحافی کے قتل کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کی استدعا ہے، جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ دو مختلف ملکوں کا معاملہ ہے، ریاست کے ادارے بہتر طور پر اس معاملے کو حل کرسکتے ہیں۔ بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔ خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گذشتہ روز سیکرٹری داخلہ اور خارجہ کو ارشد شریف کی فیملی سے رابطے کا حکم دیا تھا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔