میانوالی: پولیس کا کامیاب آپریشن، 10 خوارجی دہشتگرد ہلاک

میانوالی: پولیس کا کامیاب آپریشن، 10 خوارجی دہشتگرد ہلاک
کیپشن: میانوالی: پولیس کا کامیاب آپریشن، 10 خوارجی دہشتگرد ہلاک

ویب ڈیسک: پنجاب کے شہر میانوالی میں پولیس نے 10 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق میانوالی مکڑوال کے علاقہ ملاخیل میں 10 سے 15 دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی، جس کے بعد ڈی پی او میانوالی کی قیادت میں پولیس و ایلیٹ کی بھاری نفری نے آپریشن کیا۔

ترجمان کے مطابق پولیس اور خوارجی دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے 10 خوارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پولیس اور ایلیٹ کے تمام افسران و جوان فائرنگ میں محفوظ رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کامیابی پر ڈی پی او میانوالی اور ٹیم کو شاباش دی گئی۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس الرٹ ہے، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر دم لیں گے۔

جبکہ ڈی پی او میانوالی کا کہنا ہے کہ میانوالی پولیس امن دشمن عناصر کا اسی طرح جواں مردی سے مقابلہ کرتی رہے گی۔

وزیرداخلہ کو پولیس کو خراج تحسین: 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے 10 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر میانوالی پولیس کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈی پی او میانوالی اختر فاروق اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں نے 10 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، میانوالی پولیس کی ٹیم نے بہادری کے ساتھ خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے کمانڈر آئی جی عثمان انور اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، میانوالی پولیس کے کارنامے پر قوم کو فخر ہے، پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں، 10 خوارجی دہشتگردوں کو ہلاک کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔

Watch Live Public News