سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں  دو مختلف کارروائیاں ، 4 خوارج ہلاک

سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں  دو مختلف کارروائیاں ، 4 خوارج ہلاک

(ویب ڈیسک ) سیکیورٹی فورسز  نے خیبرپختونخوا میں  دو مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے   4 خوارج ہلاک کردیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  26 اور 27 اکتوبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوامیں دو کاروائیاں کیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا  ہے کہ   شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز  نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن  کیا ،  شمالی وزیرستان میں ہونے والی کارروائی میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ،جس میں خارجی انصاف اللہ سمیت 2 دہشت مارے گئے ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی ضلع خیبر میں کی ،  سکیورٹی فورسز  نے  خیبر میں ہونے والی کارروائی میں بھی 2 دہشت گرد ہلاک کیے جبکہ 3 زخمی  بھی ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ  ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا۔ مارے جانے والے خارجی دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے،  علاقے کو خارجی دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ   پاکستان کی سیکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیر اعظم کی سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پذیرائی:

وزیراعظم شہباز شریف  نے وزیرِستان اور خیبر کے اضلاع میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پزیرائی کی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا ہے کہ   سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرآت و بہادری سے دھشتگردی کی کاروائیوں میں ملوث خارجی سرغنہ سمیت 4 خارجیوں کو جہنم واصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کوخراج تحسین:

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ  فتنہ الخوارج کے 4 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش ، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز میں سکیورٹی فورسز نے نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ قوم کو  بجا طور پر بہادر سکیورٹی فورسز پر ناز ہے۔ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خاتمے کے لئے قوم یکسو ہے اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

Watch Live Public News