ویب ڈیسک: دبئی پولیس کی جانب سے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جو واٹس ایپ کے ذریعے بھیک مانگتا تھا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بھکاری نے لوگوں سے فراڈ کا ایک نیا طریقہ اختیار کیا تھا جس کے مطابق وہ مقامی افراد کا واٹس ایپ نمبر حاصل کرکے انہیں اپنی دکھ بھری روداد لکھ کر بھیجتا تھا اور انسے مالی مدد کا تقاضا کرتا تھا. اس حوالے سے ایک پیغام میں دبئی پولیس نے انتباہ جاری کیا ہے کہ لوگ کسی بھی ایسے شخص کے جھانسے میں نہ آئیں جو اپنی دکھ بھری داستان سنا کر پیسے بٹورتا ہو۔
ٹویٹ میں ’’سوشل میڈیا استعمال کرنے والے بھکاریوں‘‘ سے ہوشیار رہنے کی درخواست کی گئی ہے. پولیس کا کہنا تھا کہ یہ افراد رمضان کے مہینے میں منظم گروہوں کی شکل میں کام کررہے ہیں۔
یادررہے کہ یو اے ای کی حکومت حالیہ عرصے میں منظم گروہوں کی صورت میں بھیک مانگنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے. بھیک مانگنے والے گروہوں کے تدارک کے لیے بارہا اعلانات کیے جارہے اور لوگوں کو انسے بچنے کی ترغیب دی جا رہی ہے جبکہ مقامی پولیس کی سطح پر اس حوالے سے مختلف کیمپئنز چلائی جا رہی ہیں۔