جنہیں شوق ہے وہ عدم اعتماد لے آئیں،وزیراعلیٰ پنجاب

جنہیں شوق ہے وہ عدم اعتماد لے آئیں،وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور: ( پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنہیں شوق ہے، وہ عدم اعتماد لے آئیں، گھبرانے والے نہیں، اپوزیشن کو علم ہے کہ حکومت کو نمبر گیم میں سبقت ہے۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی۔ ہفتہ کو لاہور میں ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور راولپنڈی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اپوزیشن کی انتشار کی سیاست کی مذمت کرتے ہوئے اپوزیشن کے منفی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ سیاست میں منفی رویے ملک کیلئے نقصان دہ ہیں۔ اپوزیشن صرف اقتدار کی خاطر سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ عدم اعتماد کی باتوں میں شکست خوردہ اپوزیشن کی طرح کوئی جان نہیں۔ جنہیں شوق ہے وہ عدم اعتماد لے آئیں، گھبرانے والے نہیں، اپوزیشن کو علم ہے کہ حکومت کو نمبر گیم میں سبقت ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ لوگ عدم اعتماد کی باتیں صرف اپنا دل بہلانے کیلئے کر رہے ہیں۔ اپوزیشن کے عاقبت نااندیش عناصر نے عدم اعتماد کو کھیل سمجھ رکھا ہے۔ نازک حالات میں منفی سیاست کرنے والوں کوہوش کے ناخن لینے چاہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت مضبوط ہے اور مدت پوری کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار گرلز راولپنڈی کیلئے 100 ملین روپے کے فنڈز کے اجرا کا لیٹر دیا۔ شیخ رشید احمد نے فنڈز کے اجرا پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔

Watch Live Public News