لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی وفد کے ہمراہ ملاقات، موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال۔ وفد میں سینیٹر نصیب اللہ خان بازئی، سینیٹر محمدعبدالقادر، سینیٹر پرنس احمد عمر احمد زئی، سینیٹر احمد خان، سینیٹر دلاور خان، سینیٹر کہدہ بابر، صوبائی وزیر نور محمد اور شاہ زل شامل جبکہ سینیٹر کامل علی آغا اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ عوام نے حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔ پارلیمانی روایات کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔ مشاورت کا عمل اور ملاقاتیں جاری رہتی ہیں جو کہ سیاسی عمل کا حصہ ہیں۔ فیصلہ سوچ سمجھ کر اپنی پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد ہوگا۔ ہر جمہوری حکومت کا حق ہے کہ اسے عوامی خدمت کیلئے دیا گیا عرصہ مکمل کرنے دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن مقررہ وقت پر ہی اچھے لگتے ہیں۔ موجودہ سیاسی صورتحال میں ملکی مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے۔ ملک میں روز بروز بدلتی ہوئی سیاسی آب و ہوا پر پوری نظر ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت حسین منجھے ہوئے سیاستدان ہیں۔ چودھری شجاعت کی حالات پر گہری نظر ہے۔ امید ہے موجودہ حالات میں کوئی راستہ نکال لیں گے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وفد کے ارکان نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی۔