شہدادکوٹ:یو سی نمبر 7 عرضی بھٹو پولنگ اسٹیشن میں گرمی لگنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔ ریسکیو زرائع کے مطابق 60 سالہ زبیدہ بھٹو نامی خاتون بلاک نمبر 7 میں ووٹ کاسٹ کرنے آئی تھی، جو کے گرمی کے باعث بے ہوش ہوگئی تھیں۔ بعد ازاں جن کو اسپتال لے جایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے خاتون کی موت کی تصدیق کر دی۔ خیال رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلےمیں 14 اضلاع میں میدان سج گیا، جس میں 21 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہیں۔صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں مرکزی اور صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کے دفتر کراچی میں مانیٹرنگ سیل قائم کیا جا چکا ہے۔ مختلف ڈویژن میں سے ایک ہزار سے زائد امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔کسی بھی ناخوش گوار صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے رینجرز اور فوج کے اہل کار تمام حلقوں میں گشت کر رہے ہیں۔