افغان طالبان، ٹی ٹی پی کے سرپرست ثابت

افغان طالبان، ٹی ٹی پی کے سرپرست ثابت

ویب ڈیسک: افغان طالبان  کالعدم ٹی ٹی پی کے سرپرست ثابت ہوئے۔

طالبان کے افغانستان پر قابض ہونے کے بعد پاکستان نے بارہا افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی کو روکے، پاکستان نے متعدد بار افغانستان کو شواہد پیش کرتے ہوئے ٹی ٹی پی کو پناہ فراہم کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں  نے متعدد بار پاکستان میں حملے کروائے اور ملک کا امن سبوتاژ کرنے کی مذموم کوششیں کیں، رواں سال کے اوائل میں بشام میں چینی انجینئرز پر حملہ اور جون میں دیر کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ بھی ٹی ٹی پی کی دہشتگرد کارروائیوں کی واضح مثالیں ہیں۔

پاکستان سمیت کئی ممالک نے افغانستان سے ہونے والی ٹی ٹی پی کی دہشتگرد کارروائیوں پر انتہائی تشویش کا اظہار بھی کیا، دوسری جانب افغان حکومت کی بارہا تردید کے باوجود ٹی ٹی پی کی افغانستان میں محفوظ پناہ گاہوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

افغان طالبان ٹی ٹی پی کے ارکان کو سرحدی علاقوں سے ہٹا کر باقاعدہ اب افغانستان کے مختلف صوبوں میں منتقل کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق افغان سرزمین پر طالبان ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں کو پاک افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں خصوصاً صوبہ خوست میں منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

طالبان کے اس اقدام نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ برسوں سے ٹی ٹی پی کو افغان طالبان کی سرپرستی حاصل ہے۔

کیا ٹی ٹی پی کے دہشتگردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے کے شواہد منظر عام پر آنے کے بعد بھی افغان طالبان اپنی سرزمین سے اٹھنے والی دہشت گردی سے انکار کرتے رہیں گے؟

Watch Live Public News