ویب ڈیسک: سابقہ خاتون اوّل اور بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ میں جو شہد کھاتی ہوں اس میں کچھ ملا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ بی بی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق بیان دیا جبکہ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل صحت مند ہیں، یہ لوگ کچھ بھی کرلیں عوام میں چلنے کے قابل نہیں رہیں گے.
حالات بہتری کی جانب جا رہے ہوتے تو رانا ثنا اللہ کبھی ایسا بیان نہیں دیتے۔ چیزوں کو بہتری کی طرف جانا چاہیے تھا مگر نہیں جا رہیں، بانی پی ٹی آئی عوام اور ملک کے لیے جیل میں ہیں۔
بشریٰ بی بی نے کہا کہ اڈیالہ جیل آئی تھی، میں جو شہد کھاتی ہوں اس میں کچھ ملا دیا گیا تاہم میں نے وہ سارا شہد کھا لیا ہے، زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کبھی کسی کو نقصان پہنچایا نہ کسی کو مارنے کا کہا، بانی پی ٹی آئی کے خمیر میں بدلہ لینا نہیں، مسلمان کسی سے بدلہ نہیں لیتا۔
ایک سوال کے جواب میں بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ عوام کو چوروں کا ساتھ نہیں دینا چاہیے، بانی پی ٹی آئی چاہتے تو وہ بنی گالہ میں آرام کی زندگی گزار رہے ہوتے۔