اسلام آباد(پبلک نیوز) نیپرا نے بجلی کمپنیوں کی کارکردگی جائزہ رپورٹ 2019-20 جاری کردی ہے جس میں اعتراف کیا گیا ہے کہ بجلی کمپنیاں نقصانات میں کمی کرنے اور ریکوری بڑھانے میں ایک بار پھر ناکام ہو گئی ہیں ٗ ایک سال میں بجلی کی تقسیم و ترسیل کے نقصانات کے باعث انسٹھ ارب روپے کا نقصان ہوا ۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بجلی کمپینوں کی جانب سے ایک سال میں 160 ارب روپے کی کم ریکوری کی گئی ٗ گیپکو اور فیسکو کے علاوہ تمام کمپنیاں لاسز کنٹرول کرنے میں ناکام رہیں ،تمام بجلی کمپنیاں ریکوریز کا سو فیصد ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہیں ، بجلی کمپنیاں اپنے مقررہ کوٹے سے کم بجلی لے رہی ہیں ۔رپورٹ میں بتایا ہے کہ کوٹے سے کم بجلی لینے کے باعث مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، کمپنیوں کا لوڈشیڈنگ کا معیار نیپرا کے کارکردگی معیارات سے مختلف ہے ، بجلی کمپنیوں میں ایک سال میں انسانی جانوں کی ہلاکتوں کے 160 واقعات ہوئے ۔