لاہور:پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما ا ابرار الحق نے پی ٹی آئی اور سیاست کو چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ابرار الحق نے کہاکہ میری پرورش ایسے گھرانے میں ہوئی جو سیاسی بھی تھا اور فوجی گھرانہ بھی تھا، اللہ نے جب مجھے شہرت دی تو پاکستان کے لیے کچھ کرنے کا جذبہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے بچوں کے لیے ہمارے میڈیکل کالج میں تعلیم مفت ہے، میری عادت ہے کہ میں شہدا کی تصویر کو سلیوٹ کرتا ہوں، ہم سہارا میں ہر سال شہدا کی فیملیز کو بلا تے ہیں، مجھے شہرت یا عہدے کی کوئی لالچ نہیں۔ اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ نیازی نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا. پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سیف اللہ نیازی نے کہا کہ میں تحریک انصاف چھوڑ رہا ہوں ، اپنی زندگی پر توجہ دینا چاہتا ہوں ،9 مئی کو ہونے والے واقعات کی مذمت کرتا ہوں ،نہ ہمارا دین اس کی تربیت دیتا ہے نا ہمارا گھر اس کی تربیت دیتا ہے۔ خیال رہے کہ شیری مزاری ، فواد چوہدری سمیت متعدد ارکان پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔