ویب ڈیسک: سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پشاور کے جنرل علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران دو فوجی جوانوں نے شہادت کو گلے لگا لیا، اس دوران 5 دہشت گرد ہلاک اور 3 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔شہداء کی پشاور گیریژن میں نمازجنازہ ادا کردی گئی ہے۔ جس میں اعلیٰ عسکری و سیاسی حکام نے شرکت کی۔ شہداء کو سپردخاک کرنے کیلئے میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے، رحیم یار خان کے رہائشی 25 سالہ کیپٹن حسین جہانگیر اور ایک اور کرک کے بہادر فرزند 36 سالہ حوالدار شفیق اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے لازوال قربانی دی اور شہادت کو گلے لگا لیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کا شہداء کی بہادری کو خراج عقیدت:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور شہید حوالدار شفیق اللہ کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور شہید حوالدار شفیق اللہ نے جان دے کر دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور شہید حوالدار شفیق اللہ نے جرات کے ساتھ 5دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ نے شہادت کا اعلی مرتبہ پایا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء وطن ہمارا مان ہیں اور قوم شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
اسپیکرقومی اسمبلی کا شہداء کو خراج تحسین:
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے آپریشن کے دوران کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اسپیکر نے کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کو دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کے مرتبے پر فائز ہونے پر خراج عقیدت پیش کیا۔
اسپیکر نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم کے جری سپوتوں کی لازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ملک دشمن عناصر دہشتگردوں کے ذریعے ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان دشمن کے ناپاک عزائم کی تکمیل نہیں ہونے دیں گے۔ پوری قوم اپنے سیکیورٹی فورسز کے جری جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ دہشتگرد انسانیت اور امن کے دشمن ہیں۔ دہشتگرد اپنی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے قوم اور سیکیورٹی فورسز کے دہشتگردی کے خلاف عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔
ڈپٹی اسپیکر کا اظہار افسوس:
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفیٰ شاہ نے بھی پشاور کے علاقے حسن خیل میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر نے کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد کے لیے ملک میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں۔ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنے بہادر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔
بلاول بھٹو کا فوجی جوانوں کی شہادت پر اظہارافسوس:
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں آپریشن کے دوران دو فوجی جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ شہید ہونے والے کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کی قربانی کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کیپٹن حسین جہانگیر شہید اور حوالدار شفیق اللہ شہید کے اہلخانہ سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو شاباش دی۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کو دہرایا کہ دہشتگردوں سے اپنے شہدا کے خون کے ہر قطرے کا حساب لینے تک سُکھ کا سانس نہیں لیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا اظہار افسوس:
وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حسن خیل میں آپریشن کے دوران کیپٹن حسنین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان میں قیام امن کے لئے ہمارے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ دھرتی ماں کے ان نڈر بیٹوں نے اپنے لہو سے سرفروشی کی تاریخ رقم کی ہے۔ پوری قوم ان شہدا کی قربانی پر نازاں ہے۔
وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔