'ارشد شریف کی موت قتل ہے ، سازش پاکستان میں ہوئی'

'ارشد شریف کی موت قتل ہے ، سازش پاکستان میں ہوئی'
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ارشد شریف کی موت کوئی حادثہ نہیں تھا، ارشد شریف کی موت قتل ہے، جس کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا ارشد شریف قتل کیس سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کا نہ موبائل ملے گا، نہ لیپ ٹاپ ملے گا، شواہد مٹا دیے گئے ہیں۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ میرے خیال میں ارشد شریف کو گاڑی کے اندر سے مارا گیا ہے، انہیں صرف دو گولیاں لگیں، ارشد شریف کو سینے اور سر پر جو دو گولیاں لگیں، وہ لانگ رینج سے نہیں چلائی گئیں، وہ قریب سے چلائی گئیں۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ میں نے ویڈیو بنا کر نام دے دیے ہیں، ویڈیو میں جن لوگوں کے نام بتائے، مجھے کچھ ہوا تو وہ لوگ بھی نہیں بچیں گے۔انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کو سازشیوں نے ڈرایا، اور مجبور کیا کہ ملک سے چلے جاؤ، دبئی سے ارشد شریف کو زبردستی نکالے جانے کی بات درست نہیں ہے، کہا گیا کہ ارشد شریف لندن چلا گیا، لیکن وہ لندن نہیں گیا۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ ارشد شریف کو جو مقاصد بتائے گئے، ان کے پیچھے ہی سازش تھی، ارشد شریف کیلئے کینیا کے انتخاب کے پیچھے وہ لوگ ہیں، جو ملک توڑنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے عمران خان کے لانگ مارچ میں خون ہی خون، جنازے ہی جنازے نظر آ رہے ہیں۔ اگر میرا چیئرمین کچھ بتائے، تو میں ننانوے فیصد یقین کروں گا، ویسے ہی ارشد کو جو شخص کچھ بتا رہا تھا، وہ اس پر یقین کر رہا تھا۔ فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ میں آخری دن تک ارشد شریف سے رابطے میں تھا۔ موبائل فون کے فرانزک کیلئے تیار ہوں، پاکستان کے خلاف سازش کرنے والے پاکستان میں موجود ہیں اور انٹرنیشنلی کنکٹڈ ہیں۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے بیانیے کی آڑ میں سازش رچائی جا رہی ہے، امپورٹڈ شخصیات اور کئی لاشیں مارچ کی آڑ میں آنے والے دنوں میں گرنے والی ہیں، عوام ہر چیز پر لبیک کہیں، لیکن کسی اور کیلئے بے گناہ موت نہ مریں، پر امن احتجاج کی آڑ میں بہت سارا خون بہتا دیکھ رہا ہوں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔