اسلام آباد(پبلک نیوز) وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ شریف،زرداری فیملی نے پاکستان سے پیسہ لیا اور باہر بھیجا، سڑکوں کا کاروبار بنا لیا جائے تو ملک تباہ ہوجاتاہے.
وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شریف فیملی نے سڑکوں کو بڑا کاروبار بنایا،عمران خان سڑکوں کے نام پر کرپشن کے خلاف ہیں، زرداری اور نواز فیملی نے قرضے کو 27ٹریلین تک پہنچا دیا. ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان میں موٹروے سائن ہوئی تب نواز شریف فیملی ایون فیلڈ اپارٹمنٹس خرید رہی تھی، 60ارب روپے کی لاگت سے موٹروے بنائی گئی،انگریزی اخبار میں کہا گیا اسلام آباد موٹروے کی لاگت بڑھ گئی.
اس موقع پر وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ یہ تو سنا ہوگا کہ کھانا بھی اور کھلانا بھی ہے، نوازشریف نے اپنے دور میں مواصلات کی وزارت اپنے پاس رکھی تھی، پچھلے 10سال پاکستان کی تاریخ کا تاریک ترین عشرہ تھا، وزیراعظم عمران خان قرضے لےکر موٹروے بنانے کے مخالف تھے اور ہیں، ن لیگ اور ہمارے دور کے معاہدوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر ہیں.