بلوچستان : بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا،جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس سمیت 6 اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں گر کر تباہ ہوا، اس حادثے میں 2 پائلٹس سمیت ہیلی کاپٹر پر سوار 6 اہلکار شہید ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں پائلٹ میجر محمد منیب افضل اور پائلٹ میجر خرم شہزاد شہید ہوئے،اس کے علاوہ عملے میں شامل نائیک جلیل،صوبیدار عبدالواحد،سپاہی محمد عمران اور سپاہی شعیب بھی شہدا میں شامل ہیں ۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ 39سالہ شہید پائلٹ میجر خرم شہزاد کا تعلق اٹک سے تھا،پسماندگان میں 1 بیٹی شامل ہے، 30 سالہ شہید پائلٹ میجر محمد منیب افضل کا تعلق راولپنڈی سے تھا،پسماندگان میں 2 بیٹے شامل ہیں ، 44 سالہ شہید صوبیدار عبد الواحد کا تعلق گاؤں صابر آباد،کرک سے تھا،پسماندگان میں 3 بیٹیاں اور 1 بیٹا شامل ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق 27 سالہ سپاہی محمد عمران کا تعلق مخدوم پور،خانیوال سے تھا،پسماندگان میں 2 بیٹیاں اور 1 بیٹا چھوڑا ہے، 30 سالہ شہید نائیک جلیل کا تعلق کھاریاں گجرات سے تھا،پسماندگان میں 2 بیٹے ہیں ، 35 سالہ سپاہی شعیب کا تعلق تحصیل جنڈ،اٹک سے تھا،پسماندگان میں 1 بیٹا چھوڑا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر گذشتہ رات ہرنائی کے قریب گر کر تباہ ہوا۔