ٹورنٹو: کینیڈا میں ’فیونا‘ نے تباہی مچا دی، مکانات اور گاڑیاں سمندر میں بہہ گئیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ طوفان سے صوبہ نووا اسکوشیا، پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ اور نیو فاؤنڈ لینڈ کے ساحلی علاقے شدید متاثر ہوئے، یہی نہیں طوفان کی شدت اتنی تھی کہ لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہوگئے، مکانات اور گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ’فیونا‘ پہلے سمندری طوفان تھا جس نے جمعہ کے آخر میں ایک پوسٹ ٹراپیکل طوفان کا روپ دھار لیا، تاہم اس میں پھر بھی سمندری طوفان کی طاقت والی ہوائیں چل رہی تھیں، جس کے باعث تیز بارش کے ساتھ ساتھ بڑی لہریں بھی بنیں۔ طوفان کے باعث کینیڈا کے مختلف صوبوں میں ابھی تک ہلاکتوں یا زخمیوں کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی تاہم رائٹرز کے مطابق ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ دوسری جانب سمندری طوفان 'نورو' فلپائن کے جزیرے لوزون سے ٹکرا گیا ہے، جہاں 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہو گئی ہے۔ ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔