ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔
ڈپٹی گورنر ریاض ریجن شہزادہ محمد بن عبد الرحمان نے ایئرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔
اس موقع پر سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر اور دیگر سفارتی عملہ بھی وزیراعظم شہباز شریف کے استقبال کیلئے موجود تھا۔
ذرائع نے خبر دی ہے کہ شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی سربراہ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
شہباز شریف عالمی اقتصادی کانفرنس میں بھی شرکت کرینگے۔
اس سے قبل گزشتہ روز وزیراعظم آفس کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ وزیراعظم اس اجلاس میں شرکت کے لیے آج سعودی دارالحکومت ریاض پہنچیں گے۔
بیان کے مطابق وزیراعظم کو عالمی اقتصادی فورم کے اس اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور چیف ایگزیکٹو کلاؤس شواب کی جانب سے دی گئی ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم عالمی صحت، فنانشل ٹیکنالوجیز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، جامع ترقی، علاقائی تعاون، اور عالمی ترقی کے تناظر میں توانائی کے متوازن استعمال کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے رکھیں گے۔
وزیراعظم کے بیان کے مطابق عالمی اقتصادی فورم کے اس خصوصی اجلاس کے موقعے پر وزیراعظم کی اہم عالمی رہنماؤں، عالمی اداروں کے سربراہان اور دیگر اہم شخصیات سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں اور وفاقی کابینہ کے اہم اراکین بھی وزیراعظم کے ہمراہ اس وفد میں شامل ہوں گے۔
ہفتے کو دفتر خارجہ پاکستان سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کے وفد میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب شامل ہوں گے۔
بیان کے مطابق فورم میں اعلیٰ سطح کی شرکت پاکستان کی ترجیحات کو پیش کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی۔
دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ مرکزی تقریب کے موقع پر وزیراعظم اور ان کا وفد سعودی قیادت، بین الاقوامی اداروں کے سربراہان اور تقریب میں شرکت کرنے والی دیگر اہم شخصیات سمیت عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔