شوبز شخصیات سیلاب زدگان کی مدد کے لئے متحرک

شوبز شخصیات سیلاب زدگان کی مدد کے لئے متحرک
گلوکار ابرار الحق اور گلوکارہ حدیقہ کیانی سمیت مختلف شوبز شخصیات نے ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے فنڈز جمع کرنے کے لیے کام شروع کر دیا ہے۔ حدیقہ کیانی نے کچھ روز قبل ہی ’وسیلہ راہ‘ کی مہم شروع کی تھی، جس کے تحت انہوں نے دنیا بھر میں موجود اپنے فینز اور اداروں کو فنڈز و عطیات جمع کروانے کی درخواست کی تھی۔
حدیقہ کیانی اپنی اس مہم کے ذریعے خصوصی طور پر بلوچستان کے متاثرین کے لیے نقد رقم کے ساتھ ضروری اشیا کو اکٹھا کرنے میں بھی مصروف ہیں اور وہ اپنے سوشل میڈیا کو اس حوالے سے اپڈیٹ کرتی رہتی ہیں۔ حدیقہ کیانی کو فنڈز و عطیات دینے کے خواہش مند حضرات ان کے انسٹاگرام پر اس ضمن میں موجود تفصیلات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب گلوکار ابرار الحق نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ اس ماہ کے اپنے تمام میوزک کنسرٹ کی کمائی سیلاب زدگان کی مدد میں تقسیم کریں گے۔ انہوں نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ ان کے زیادہ سے زیادہ کنسرٹ منعقد کروانے کی کوشش کریں، تاکہ اس طرح سیلاب زدگان کی مدد کی جا سکے. انہی کی طرح اداکارہ و پروڈیوسر کنول کھوسٹ نے بھی اپنے اسٹیج شو کی کمائی صوبہ بلوچستان اور سندھ کے سیلاب زدگان کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امیڈین شہزاد غیاث شیخ نے بھی اپنا اسٹینڈ اپ کامیڈی کا پروگرام کرنے کا اعلان کیا اور پروگرام سے ہونے والی تمام کمائی سیلاب زدگان میں تقسیم کرنے کا کہا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔