اسلام آباد(پبلک نیوز) ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں 27 فروری کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، 2 سال قبل اسی دن پاک افواج نے بھارت کو بہادری سے جواب دیا۔
بھارتی شرانگیزی کے خلاف آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ہونے پر ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئرچیف نے کہا دنیا نے دیکھا پاکستان نے امن کے لیے بھارتی پائلٹ کو واپس کیا، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے تحت ہماری افواج نے بہترین دفاع کیا۔
ایئرچیف نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے، کسی بھی مہم جوئی کا فوری جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کو جانتے ہیں، ملکی دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار رہنا ہو گا۔ ائیر چیف نے اپنے خطاب میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران ایئرچیف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا جبکہ پاک فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کا بھی مظاہرہ کیا۔