’27 فروری 2019 پاکستان کی تاریخ کا قابل فخر دن ہے‘

’27 فروری 2019 پاکستان کی تاریخ کا قابل فخر دن ہے‘
لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا دفاع وطن کے لئے افواج پاکستان کو خراج تحسین۔ شہبازشریف نے کہا کہ 27 فروری 2019 پاکستان کی تاریخ کا ناقابل فراموش لیکن قابل فخر دن ہے۔ آج کے دن پاکستان نے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم سے جو ٹکرائے گا پاش پاش ہوجائے گا۔ اس دن اللہ تعالی نے پاکستان کو فتح سے سربلند کیا۔ بالاکوٹ کی بھارتی جارحیت نے جنوبی ایشیاءاور دنیا کے امن وخطرے سے دوچار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نپی تلی موثر جوابی کارروائی سے پاکستان نے ذمہ دار، خودمختار ملک ہونے اور اپنے دفاع کی بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کی فضائیہ اور اپنے شاہینوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کے دانت کھٹے کئے۔ پاکستان کی افواج نے دنیا کو دکھایا کہ ہماری امن پسندی ہماری کمزور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان شیر دلیر اورجذبہ ایمانی سے لیس ہیں، پوری قوم اپنے شیروں کے ساتھ ہے۔ بھارتی طیارے مارگرانے اور پیشہ وارانہ قابلیت کا لوہا منوانے والے جانباز شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ قوم بھی خراج تحسین کی مستحق ہے جس کے اپنے آہنی ولولے، جذبے اور بے مثال اتحادسے اس دن کو تاریخ کا سنہرا دن بنادیا۔ ان کا کہنا تھا پاکستان کی سلامتی، ترقی، دفاع اور ہر بیرونی جارحیت کے خلاف پورا پاکستان ایک تھا، ہے اور رہے گا۔ آج کا دن ہمارے لئے سبق ہے کہ ہم اپنی پوری تیاری رکھیں، مضبوط معیشت، دفاع اور قومی یک جہتی ہمارے دفاعی حصار ہیں۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔