ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے، بارشوں کی پیشگوئی کے بعد پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طویل خشک موسم کے بعد مغربی ہوائیں آج ملک میں داخل ہوں گی جو آج 27 سے 31 جنوری تک ملک کے بالائی علاقوں میں موجود رہیں گی جس کی وجہ سے گلگت بلتستان اور کشمیر میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
حکام کا کہنا ہے چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہاٹ اور بنوں میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہونے کی توقع ہے، 28 اور 29 جنوری کو کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
مذکورہ بالا علاقوں کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں علاقوں میں برفباری ہونے کا امکان ہے، 30 اور 31 جنوری کو گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، سرگودھا میں ہلکی و درمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ مری، گلیات اور ناران میں برف باری سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا خدشہ ہے، برفباری کے پیش نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔