سندھ بلدیاتی انتخابات، پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا

سندھ بلدیاتی انتخابات، پیپلز پارٹی نے میدان مار لیا
سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبے کی 4 ڈویژنز کے چودہ ضلعوں میں گذشتہ روز ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ میونسپل کمیٹیوں میں اب تک کل 309 سیٹوں کے رزلٹس سامنے آئے ہیں جن میں پی پی پی کو 244 نشستوں پر کامیابی حاصل ہو چکی ہے۔ ان بلدیاتی انتخابات میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدواروں نے بائیس، آزاد امیدواروں نے بیس، پی ٹی آئی نے چودہ، جمعیت علمائے اسلام نے سات جبکہ دیگر پارٹوں نے صرف دو سیٹیں حاصل کیں۔ متحدہ قومی موومنٹ نوابشاہ سے کوئی سیٹ حاصل نہ کر سکی. دوسری جانب سانگھڑ، میرپورخاص، نواب شاہ، لاڑکانہ اور سکھر سمیت دیگر علاقوں میں پیپلز پارٹی مارجن سے کامیاب رہی جہاں چھ سو چورانوے نشستوں میں سے پیپلز پارٹی نے اب تک چار سو چھبیس نشستیں جیت لی ہیں۔ جی ڈی اے پینسٹھ، آزاد امیدوار باسٹھ اور تحریک انصاف صرف دس نشستیں لے سکیں جبکہ جے یو آئی ف آٹھ اور دیگر جماعتوں نے بارہ نشستیں جیتیں۔ پیپلز پارٹی نے ٹاؤن کمیٹی نوابشاہ کی چھپن میں سے چھتیس نشستیں جیتیں لیں تاہم ایم کیو ایم نواب شاہ کے شہری علاقے سے کوئی نشست نہیں جیت سکی ہے۔ ٹاؤن کمیٹی سانگھڑ میں اب تک 67 میں سے 45 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں جن میں سے 32 نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لیں جب کہ سانگھڑ میں واضح اثر رکھنے والی جی ڈی اے اب تک صرف 8 نشستیں جیت سکی ہے۔ ٹاؤن کمیٹی تھرپارکر کی تمام 26 نشستوں میں سے انیس نشستوں پر پیپلز پارٹی، چار پر آزاد امیدوار اور تین پر پی ٹی آئی کامیاب رہی۔ ٹاؤن کمیٹی عمرکوٹ کی تمام چھتیس نشستوں میں سے اٹھائیس نشستیں پیپلز پارٹی، جی ڈی اے 6 اور جے یو آئی ف ایک نشست جیت سکی ہے۔ ٹاؤن کمیٹی شکار پور کی بتیس میں سے اٹھائیس نشستوں کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی چودہ نشستوں کے ساتھ سب سے آگے رہی، جی ڈی اے چار اور جے یو آئی ف تین نشستیں حاصل کرسکی ہیں۔ ٹاؤن کمیٹی قمبرشہداد کوٹ کی کل چھیالیس میں سے چھتیس نشستوں کے نتائج آ گئے جن میں سے چھبیس نشستیں پیپلز پارٹی، نو آزاد امیدوار اور جے یو آئی ف ایک نشست پر جیتنے میں کامیاب رہی۔ نوشہرو فیروز کی کل بیاسی میں سے پچھتر نشستوں کے نتائج آ گئے جن میں سے ستاون نشستیں پیپلز پارٹی نے حاصل کیں جبکہ آزاد امیدوار تیرہ، ایم کیو ایم، جی ڈی اے اور مسلم لیگ ن ودیگر نے ایک، ایک نشست لی۔ ٹاؤن کمیٹی سکھر کی تمام سترہ نشستوں کے نتائج آ گئے جس میں پیپلز پارٹی گیارہ ، آزاد امیدوار تین اور پی ٹی آئی نے دو نشستوں پر کامیابی سمیٹی جبکہ جی ڈی اے ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ ٹاؤن کمیٹی کشمور میں بھی پیپلز پارٹی نے زبردست فتح حاصل کی جہاں اب تک پیپلز پارٹی نے 32 نشستیں جیت لی ہیں۔ نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے ترپن نشستیں اپنے نام کر کے واضح برتری حاصل کی جبکہ سات نشستیں جیت کر آزاد امیدوار دوسرے اور چار سیٹیں جیت کر ایم کیو ایم تیسرے نمبر پر رہی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔