انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے امریکی مطالبے پر پاکستان جواب دے گا،اسحاق ڈار

انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے امریکی مطالبے پر پاکستان جواب دے گا،اسحاق ڈار
کیپشن: Pakistan will respond to the American demand to investigate rigging in elections, Ishaq Dar

ویب ڈیسک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی ایوان نمائندگان کی جانب سے پاکستان میں حالیہ عام انتخابات میں مبینہ بے ضابطگی اور مداخلت کی مکمل اور آزادانہ تحقیقات کے مطالبے اور ملک کے جمہوری نظام سے متعلق منظور کی گئی حالیہ قرارداد پر جمعرات کو ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس ایوان سے اس کا جواب دیا جائے گا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ رواں ہفتے امریکی ایوان نمائندگان سے منظور کی گئی قرارداد کا جواب وزارت خارجہ بدھ کو دے چکا ہے، جو میڈیا کو بھی جاری کیا گیا۔

’حکومت کی نیت ہے کہ ہم اس قرار داد کے مقابلے میں ایک قرار داد لائیں گے۔ ہمیں لازمی اپنی خود مختاری اور یکجہتی دکھانا ہوگا۔ یہ کوئی تُک نہیں ہے۔ ہم بھی دوسرے ملکوں کے حوالے سے یہاں 50 چیزوں پر تنقید کر سکتے ہیں، لیکن ہم نہیں کرتے۔‘

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ’ہم نے اس (قرار داد) کا نوٹس لیا ہے، اس قرار داد کا مسودہ تیار ہے، جو پارلیمانی لیڈر اور اپوزیشن کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔ میری درخواست ہے کہ ہمیں اس امریکی قرار داد کے جواب میں لازمی قرار داد لاتے ہوئے یکجہتی دکھانی ہوگی۔‘

ری پبلکن رکن رچرڈ میکارمک اور کانگریس کے رکن ڈین کلڈی نے امریکی ایوان نمائندگان میں 25 جون کو ایک قرارداد پیش کی تھی جس کے اہم نکات میں آٹھ فروری 2024 کے عام انتحابات میں مبینہ بے ضابطگی یا مداخلت کی مکمل اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ، جمہوریت کی حمایت کے علاوہ، انسانی حقوق، آزادی اظہار کا تحفظ اور جمہوری عمل میں عوام کی شرکت کو یقینی بنانا شامل ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان کے 368 ارکان نے پاکستان میں آٹھ فروری کے عام انتخابات میں ’مداخلت یا بے ضابطگی‘ کی آزادانہ اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا جبکہ سات ارکان نے اس کی مخالفت کی۔

Watch Live Public News