پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، سپیکر کا ایتھکس کمیٹی بنانے کا اعلان

پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، سپیکر کا ایتھکس کمیٹی بنانے کا اعلان
کیپشن: پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، سپیکر کا ایتھکس کمیٹی بنانے کا اعلان

ویب ڈیسک:   پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے بعد سپپکر ملک محمد احمد خان نے ایتھکس کمیٹی بنانے کا اعلان کر دیا اور کہا کہ ایوان کی کارروائی کے دوران ہلڑ بازی اور ہنگامہ آرائی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ اختلافی امور پر بات کرنے اور اخلاقی حدود سے باہر نکل جانے میں بہت فرق ہے۔ بات بڑھتے بڑھتے گالیوں تک پہنچ گئی،جمہوریت کی روایات کی پاسداری بہت ضروری ہے، پارلیمان کی توقیر واحترام سب پر لازم ہے، ہمیں ایک ضابطہ اخلاق بنا لینا چاہیے، مقدس ایوان کے تقدس کا خیال رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کی تنزلی اپنے ذاتی مفادات کی خاطر کی جا رہی ہے، پہلے اس ایوان میں نعرے بازی کی جاتی تھی لیکن اب ماں بہن کی گالیاں دی جاتی ہیں جو قابل قبول نہیں، ایوان کو چلانا میری ذمہ داری ہے، کسی صورت ماحول خراب نہیں ہونے دوں گا۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ہم گندی زبان استعمال کر کے ایک دوسرے کو اشتعال نہیں دلانا چاہیے، احتجاج سب کا حق ہے، اب احتجاج غلیظ گالیوں تک پہنچ چکا ہے، پہلے ہلڑ بازی، شورشرابا تھا اب بات گالم گلوچ تک پہنچ گئی ہے، ایوان میں اپوزیشن کی اشتعال انگیز نعرے بازی اور الزام تراشی معمول بنا چکی ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ میری موجودگی میں ایوان کے اندر گالیاں دی گئیں، لوگ اخلاقی سطح سے گر جائیں گے تو کس طرح ایوان چلے گا، ایوان کی تنزلی کے ذمہ دار اس کے اندر بیٹھے لوگ ہیں۔

ملک احمد خان نے بتایا کہ یہ کوئی جلسہ نہیں ہے اور نہ ہی کوئی کنٹینر ہے، کوشش کی کہ مذاکرات کو فروغ دیا جائے، اسمبلی میں بیہودہ نعروں کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ایک عرصے کے بعد ہمیں ٹیکس فری بجٹ دیکھنے کو ملا، اپوزیشن کی حرکتوں کو بہت برداشت کیا، ارکان اخلاقی سطح سے گر جائیں گے تو مجھے اپنا اختیار استعمال کرنا پڑے گا۔

Watch Live Public News