ویب ڈیسک: پاکستان کی معیشت کو مستحکم اور مضبوط بنانے کے لیے ایس آئی ایف سی کی کاوشیں جاری و ساری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لیے ایس آئی ایف سی کے اقدامات کے ثمرات نظر آنے لگے، ایس آئی ایف سی کی کاوشوں کی بدولت نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن، الائیڈ آسٹریلیا اور ٹیک ویلی پاکستان کے مابین اہم معاہدہ طے پا گیا ہے۔
معاہدے کے مطابق پاکستان میں کروم بک مینوفیکچرنگ اسمبلی قائم کی جائے گی۔الائیڈ کارپوریشن آسٹریلیا کے سی ای او اور بانی ارون سیٹھر جیکسن نے اس اہم معاہدے کے بارے میں بتایا ہے کہ "ہم نے این آر ٹی سی کے ساتھ پاکستان میں کروم بک بنانے کے معاہدے پر دستخط کیے اور وزارت تعلیم کیساتھ ایک اور معاہدے کا بھی اعلان کیا ہے، پاکستان میں طلباء کو گوگل الائیڈ اور ٹیک ویلی کے ذریعے وزارت تعلیم سے 5 لاکھ کروم بکس فراہم کی جائیں گی۔
ارون سیٹھر جیکسن کا بتانا ہے کہ این آر ٹی سی کی عالمی معیار کی سہولیات کی بدولت اب یہ ڈیوائسز پاکستانی خود تیار کریں گے، ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بہت پر جوش ہیں،اس منصوبے سے نہ صرف طلباء مستفید ہونگے بلکہ روز گار کے بہترین مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں ایس آئی ایف سی اور وزارت تعلیم کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ جنہوں نے اس شراکت داری میں مدد فراہم کی،الائیڈ کارپوریشن اس بہترین شراکت دادی کے نتائج دیکھنے کیلئے منتظر ہے۔