امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ہونا شروع

امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ہونا شروع
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کیساتھ قرض کے حصول کی راہ ہموار ہوتے ہی پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی ہونا شروع ہو گئی ہے۔ 27 مئی کو دن کے آغاز میں ہی انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک دم سے ڈھائی روپے کی کمی دیکھنے میں آئی۔ اس کمی کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 200 روپے سے کم سطح پر آگیا۔ خیال رہے کہ پاکستان میں ڈالر کی قیمت میں 16 دنوں بعد یہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ گذشتہ روز جمعرات کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر پچاس پیسے اضافے سے ڈالر 203 روپے 50 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ اور انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 9 پیسے کے اضافے سے 202 اعشاریہ .01 روپے کی سطح پر پہنچا تھا۔ کرنسی ڈیلروں کے مطابق آئی ایم ایف سے مذاکرات کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال سے کرنسی مارکیٹ پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کا مارچ ختم ہونے کے بعد پاکستان میں جاری سیاسی عدم استحکام میں کمی آئی ہے۔ رواں ماہ مجموعی طور پر انٹر بینک میں ڈالرکی قدر میں اب تک 15 اعشاریہ .84 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں ہونے والا اضافہ 17 اعشاریہ .70 روپے تک پہنچا۔ گذشتہ ہفتے 19 مئی کو وفاقی حکومت کی جانب سے لگژری اشیا امپورٹس پر پابندی کے باعث روپے پر ڈالر کے دباؤ میں کمی ہوئی تھی لیکن پیر سے دوبارہ امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جس کی رفتار بدھ تک تیز رہی۔ رواں ہفتے انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 2 اعشاریہ .05 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں ہونے والے اضافہ 3 اعشاریہ .30 روپے دیکھا گیا۔ دوسری جانب پاکستان سٹاک ایکس چینج میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ کاروبار کے ابتدائی ایک گھنٹے میں کے ایس ای 100 انڈیکس آٹھ سو سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا۔ کے ایس ای انڈیکس میں ترتالیس ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال ہوگئی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل لانگ مارچ ختم ہونے پر سیاسی عدم استحکام کی صورتحال میں بہتری آنے پر جمعرات کو بھی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی اور انڈیکس میں 529 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی بڑی شرط پوری ہونے پر سرمایہ کاروں میں زبردست جوش وخروش دیکھا جا رہا ہے۔ سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے جس سےقرض پروگرام بحال ہو جائے گا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔