پیپلز پارٹی کیلئے بڑی مشکل کھڑی ہوگئی

پیپلز پارٹی کیلئے بڑی مشکل کھڑی ہوگئی
لاہور ( پبلک نیوز) ڈی آر او، آر او اورڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے این اے ایک سو تینیتس میں سیاسی جماعتوں کے دفاتر کا اچانک دورہ کیا۔ ضمنی انتخاب NA-133لاہور کے پیپلز پارٹی امیدوارچوہدری محمد اسلم گل کونو ٹس جاری کردیا گیا۔ امیدوارپر ایسے اقدامات کا الزام ہے جن سے ووٹرکی آزادی حق رائے دہی متاثر ہو سکتی ہے۔ امیدوار چوہدری محمد اسلم گل کو 28 نومبر کو ذاتی حیثیت میں وضاحت کے لئے طلب کر لیا گیا ہے۔ مانیٹرنگ ٹیموں کو ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے این اے 133 میں پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے مبینہ طور پر ووٹ خریدنے کا الزام ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو باقاعدہ تحریری شکایت درج کروا دی گئی ہے۔ شکایت لیگی کارکن محمد عارف کی جانب سے جمع کروائی گئی۔ پاکستان الیکشن کمیشن کو جمع کروائی گئی شکایت کے ساتھ ووٹ خریداری کے ویڈیو ثبوت بھی جمع کروائے گئے ہیں۔ شکایت میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار اسلم گل کی طرف سے حلقہ این اے 133 میں ووٹوں کی خریداری جاری ہے۔ امیدوار کے مرکزی انتخابی دفتر واقع پیکو روڈ اور مادر ملت روڈ پر فیصل میر کے ڈیرے ووٹ خریداری کے بڑے مراکز ہیں۔ ووٹروں کے شناختی کارڈ چیک کر کے ان کی مذہبی کتاب پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ووٹ دینے کا حلف لے کر فی کس 2 ہزار روپے دئیے جا رہے ہیں۔ مزید کہا گیا کہ ووٹوں کی خریداری الیکشن ایکٹ کے سیکشن 167، 168 اور ضابطہ فوجداری ہی دفعہ 174 کے تحت قابل سزا جرم ہے۔ الیکشن کمیشن اپنے ذرائع سے ان معلومات اور شکایت کی تصدیق کر سکتا ہے۔ پہلے بھی ایسی شکایت درج کروائی گئی تھی لیکن ثبوت نہ ہونے کا کہہ کر اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن ووٹوں کی خریداری کے لئے رشوت اور کرپٹ پریکٹسز روکنے کا پابند ہے۔ اسلم گل اور ان کے ساتھیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور اسلم گل کو نااہل قرار دیا جائے۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔