لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) فرنچائزز کے مالکان کی چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ کے ساتھ میٹنگ کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ اجلاس شروع ہوتے ہی فرنچائزز مالکان پر برس پڑے، رمیز راجہ کا فرنچائزز سے مکالمہ کرتے ہوئے کہناتھا کہ پی ایس ایل ہمارا گھر ہے آپ لوگ گھس بیٹھیے ہو، آپ لوگوں نے اپنی جاگیر سمجھی ہوئی ہے. آپ لوگوں نے ہمارے گھر( پی ایس ایل) میں گھس کر کھڑکی دروازے سب توڑ ڈالے ہیں. چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کے سخت جملوں کے بعد کوئٹہ گلیڈیٹرز کے مالک ندیم عمر بھی غصہ میں آگئے بھرپور جواب دئیے۔ انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ رمیز راجہ صاحب پی ایس ایل ہماری وجہ سے ہے ہم انویسٹر ہیں.ہماری وجہ سے پی ایس ایل کے 6 ایڈیشن ہوچکے ہیں، ہم اس میں پیسے لگاتے ہیں. چیئرمین پی سی بی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مالک سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ندیم عمر صاحب آپ لوگ ہمارے کرکٹ وژن کے ساتھ نہیں چلتے. آپ اپنے لڑکے کھلاتے ہیں، آپ تو سرفراز کے ہی پیچھے پڑے ہوئے ہیں. ندیم عمر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ یہ مجھے کیسے کہ سکتے ہیں میں نے آپ لوگوں کو 40 سال میں 106 فرسٹ کلاس کرکٹرز دئیے ہیں اور 16 انٹرنیشنل کھلاڈی دئیے ہیں. آپ کہتے ہیں ہم گھس بیٹھیے ہیں، پی ایس ایل ہمارا بھی گھر ہے۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے فرنچائززمالکان کو ہدایت دی کہ پلییرز کیپ 1.2ملین ڈالر کریں. جس پر فرینچائز مالکان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں نقصان ہوگا، بے شک سیلری کیپ بڑھائیں لیکن بڑے کھلاڑی آئیں تو ہم زیادہ پیسے دینے کو بھی تیار ہیں. فرنچائزز نے سیلری کیپ کے بارے میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو تفصیلی سمجھایا تو رمیز راجہ 9.5 لاکھ ڈالر سیلری کیپ پر راضی ہوگئے۔ فرنچائزز اجلاس میں رمیز راجہ نے پی ایس ایل کے ہیڈ آف پلئیر ایکوزیشن اینڈ مینجمنٹ عمران احمد خان کی بھی کلاس لے لی۔ چیئرمین پی سی بی۔ رمیز راجہ نے سوال کیاکہ میکس ویل پی ایس ایل میں کیوں نہیں آتا؟ عمران احمد خان کا رمیز راجہ کو جواب دیتے ہوئے کہنا تھاکہ سر میکس ویل سمیت متعدد کرکٹرز کو بلایا لیکن وہ نہیں آنا چاہتے ۔