اسلام آباد: انگلینڈ کرکٹ ٹیم پاکستانی سرزمین پر 17 سال بعد ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے وفاقی دارالحکومت (اسلام آباد) پہنچ گئی ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 میچز کی سیریز یکم دسمبر سے شروع ہوگی۔ انگلینڈ کی ٹیم بین اسٹوکس کی قیادت میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسلام آباد پہنچی جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) حکام نے ٹیم کا استقبال کیا۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اتوار کو آرام کے بعد پیر سے کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پاکستانی سرزمین پر 17 سال بعد پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا ٹیسٹ 9 دسمبر سے ملتان جبکہ تیسرا ٹیسٹ 17 دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔ خیال رہے کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہے جس میں مہمان ٹیم نے پاکستان سے 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے۔