راولپنڈی : جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بطور چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی چارج سنبھال لیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں تبدیلی کمان کی شاندار تقریب ہوئی، تینوں مسلح افواج کے حاضر سروس و ریٹائرڈ افسروں کے ساتھ سابق چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے عہدے پر فائز رہنے والوں نے بھی شرکت کی۔ ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ تینوں مسلح افواج کے دستوں نے چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جنرل ساحر شمشاد مرزا نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر صدرِ مملکت عارف علوی نے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو بطور فور اسٹار جنرل ترقی دے کر انہیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کیا ہے۔