پاکستان کی مایہ ناز فنکارہ عتیقہ اوڈھو اور اداکار منیب بٹ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی حمایت میں بول پڑے۔ تفصلات کے مطابق عتیقہ اوڈھو نے اپنے ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مریم اورنگزیب کی ویڈیو جاری کی اور لکھا کہ آپ بھلے کسی کی سیاست سے متفق نہ ہوں لیکن اس نوعیت کی ہراسانی سب کیلئے ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ایسا رویہ دنیا بھر میں پاکستان کا تاثر خراب کرتا ہے، وہ مسائل کے حل کے بجائے خود مسئلے کا حصہ بن رہے ہیں، میں اپنے مداحوں اور دوستوں سے گزارش کرتی ہوں کہ ایسا بچگانہ رویہ اختیار کرنے سے آپ کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، آپ اپنے باوقار انداز ووٹنگ سے اپنے جذبات کا اظہار کریں۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کی ہمیشہ حمایت کرنے والے اداکار منیب بٹ بھی اس واقعے پر چپ نہ رہ سکے اور اس واقعے کی مذمت کی۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں اداکار نے کہا کہ 'یہ سراسر غلط حرکت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 'یہ کلچر پاکستانی سیاست کو کہیں نہیں لے کر جائے گا '۔ واضح رہے کہ ایک روز قبل مریم اورنگزیب کو لندن میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے ایک کیفے میں گھیر لیا تھا، مرد و خواتین کی جانب سے ان پر پاکستان کے عوام کا پیسہ لندن میں لٹانے کا الزام لگایا گیا تھا، ساتھ ہی ان کے لیے نامناسب زبان کا بھی استعمال کیا گیا تھا۔