آڈیو لیکس: وزیراعظم کا اعلی سطح کی کمیٹی بنانے کا اعلان

آڈیو لیکس: وزیراعظم کا اعلی سطح کی کمیٹی بنانے کا اعلان
اسلام آباد:‌ وزیراعظم شہباز شریف نے آڈیو لیکس کےمعاملے پر اعلی سطح کی کمیٹی بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے 1600سے زائد لوگ اللہ کو پیارے ہوگئے ہیں،سیلاب سے 30ارب ڈالر کے لگ بھگ نقصانات ہوئے ہیں۔وزیر اعظم نے جوبائیڈن سے ملاقات میں پاکستان سے ہمدردری اور امداد پر شکریہ ادا کیا. وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنرل اسمبلی اجلاس میں کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا موقف پیش کیا، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک کی بھرپور مذمت کی،تمام پہلووں کے حوالے سے بھرپور پاکستان کا موقف پیش کیا ہے.ان کا مزید کہنا تھا کہ مخلوط حکومت کی کاوشوں سے پاکستان تنہائی کے دور سے نکل آیا ہے، اس تنہائی نے پاکستان کو بہت بڑا نقصان پہنچایا ہے، اس تنہائی کی وجہ پچھلی حکومت ہے جس نے ہماری خارجہ پالیسی کا بیڑا غرق کیا۔ وزیر اعظم نے آڈیو لیکس کےمعاملے پر اعلی سطح کی کمیٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آڈیو لیک سنجیدہ معاملہ ہے، عالمی لیڈر بات کرنے سے پہلے سو بار سوچیں گے کہ یہاں بات کرنی ہے یا نہیں، آڈیولیک کےمعاملے کی تحقیقات ہوں گی، آڈیو لیکس کے حوالے سے حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے، آڈیو لیکس سنجیدہ لیپس ہے۔ آڈیو لیک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’ڈاکٹر توقیر کو کہا کہ مریم کو میں بھی بتاؤں گا آپ بھی ان کو بتائیں، میں نے ہیرے جواہرات کی کوئی بات نہیں کی، کوئی سفارش نہیں کی اورنہ کوئی کام کیا گیا، کیا میں نے پانچ قیراط کی کوئی بات کی؟‘ آڈیو میں کہیں لین دین کا ذکر نہیں ہے. وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران نیازی نے ریاستی مشینری کا ناجائزاستعمال کیا، عمران خان نے گھڑیاں بیچیں،جو رقم آئی اس میں سے کچھ رقم توشہ خانہ میں جمع کرائی گئی، کیا میری گفتگو میں 5 قیراط کا کوئی ذکر تھا؟ عمران خان نے خاتون کو حبس بے جا میں رکھا اور اپنے تمام کیسز بند کروا دیے. شہباز شریف نے مزید کہا کہ سفیر کے سائفر کی مزید تحقیقات کی ضرورت نہیں، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی (جی سی یو) میں عمران خان کی تقریر سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاملہ پارلیمنٹ لےکرجائیں گے، کوئی قانونی راستہ ہوا تو اس معاملے پر کارروائی بھی کریں گے.ان کا کہنا تھا کہ معیشت کو درست کریں گے پاکستان کی حالت سنواریں گے، عمران خان آدھا وقت بھی معیشت ٹھیک کرنےمیں لگاتےتوحالات اتنےخراب نہ ہوتے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔