ویب ڈیسک: وکلاء نے آئینی ترمیم کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں آئینی عدالتیں موجود ہیں،عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے پاکستان میں آئینی ترامیم اور قانونی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابقہ سیکرٹری اسلام آباد ہائی کورٹ ایڈووکیٹ راجہ فیصل یونس کا کہنا ہے کہ عدلیہ جمہوری نظام کا ایک اہم ستون ہے جو ہر گزرتے دن کے ساتھ کمزور ہوتا جا رہا ہے،عوام کا پاکستان کے عدالتی نظام سے اعتماد اٹھتا جا رہا ہے،عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لئے آئینی ترامیم اور قانونی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔
سابقہ سیکرٹری اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار ایڈووکیٹ نعیم گجر نے کہا کہ دنیا بھر میں آئینی عدالتیں موجود ہیں پاکستان میں آئینی عدالتوں کا قیام ہونا بہت ضروری ہے،عدالتی نظام اور جج کرپٹ پریکٹس میں ملوث ہیں یہ ایک مافیا ہے اسکا سدباب ضروری ہے۔
سابقہ سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار کونسل ایڈووکیٹ بلال مغل نے کہا کہ عوام کو جلد از جلد انصاف مہیا کرنے ہے ایک کامیاب ریاست کا پہلا مقصد ہوتا ہے،یہاں آئے دن سپریم کورٹ میں سیاسی اور آئینی کیسز کی سنوائی ہو رہی ہوتی ہے عوام کے کیسز نہیں سنے جاتے جس کے لیے آئینی عدالت کا قیام ضروری ہے۔