حکومت پاکستان شرعی نظام معیشت نافذ کرے: سراج الحق

حکومت پاکستان شرعی نظام معیشت نافذ کرے: سراج الحق
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ سودی نظام کیخلاف وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ تاریخی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ بغیر کسی لیت ولعل کے اسے نافذ کرے۔ سراج الحق نے یہ بات اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کو عدالت نے تمام سودی نظام شریعت کے مطابق بنانے کیلئے 5 سال دئیے ہیں۔ حکومت حیلے بہانے اختیار نہ کرے، اور سود کے بغیر شرعی نظام معیشت نافذ کرے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر حکومت نے فیڈرل شریعت کورٹ کا فیصلہ نافذ نہ کیا تو ہمارا ہاتھ اور حکومت کا گریباں ہوگا ۔ آئین پاکستان کا تقاضا ہے سود پر مبنی کوئی نظام یہاں نہیں چل سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کا پروگرام غلامی کا طوق ہے، اس کیساتھ تمام معاہدے منسوخ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سودی نظام کے خاتمے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی نے سود کے خلاف جنگ جیت لی ہے۔ پوری پاکستانی قوم فیڈرل شریعت کورٹ کے تاریخی فیصلے پر مبارک باد کی مستحق ہے۔ فیڈرل شریعت کورٹ نے سود کے خلاف متفقہ فیصلہ دیا۔ جمعۃ الوداع کو پوری قوم یوم تشکر کے طور پر منائیں ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کے پی ٹی آئی کی حکومت ہو یا مسلم لیگ ن کی دونوں حکومتوں نے سود پر لیت و لعل سے کام لیا ہے ، حکومت نے لیت و لعل سے کام لیا تو معاف نہیں کریں گے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔