اسلام آباد: ( پبلک نیوز) سابق وزیر اعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جس کے ذہن میں غلامی ہو وہ کبھی بھی بڑا انسان نہیں بن سکتا۔ بنی گالہ میں شب دعا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےسابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 1947میں 27ویں کی رات پاکستان بنا تھا، مسلمانوں کے ووٹ سے پاکستان بنا تھا، ہم سب کو علامہ اقبال کے نظریئے کو سمجھنا چاہیے، آج کی رات سب پاکستان کیلئے دعا کریں، ہمیں مدینہ کی ریاست کے اصولوں کے اوپر کھڑا ہونا تھا، اللہ تعالیٰ نے ہمیں حضرت محمد ﷺکے راستے پر چلنے کا حکم دیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو اسلام کے اصولوں پر کھڑا کرنا چاہیے تھا، ہم جب تک کلمے کا مطلب نہیں سمجھتے زنجیریں نہیں ٹوٹتیں، اقبال کا شاہین بننے کیلئے ہمیں اپنی زنجیریں توڑنی پڑتی ہیں، خوف انسان کی پرواز روکتا ہے۔ چیئرمین پاکستان تحریک اںصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ جس کے ذہن میں غلامی ہو وہ کبھی بھی بڑا انسان نہیں بن سکتا، بیگرز اور لائف سپورٹ مشین جیسے بیانات کبھی آگے نہیں بڑھنے دیں گے، مولانا طارق جمیل کو آج رات خصوصی طور پر اس دعا کیلئے بلوایا ہے، قوم اس رات اپنی آزادی کے راہ میں حائل رکاوٹیں ختم ہونے کی دعا کرے۔ بعد ازاں مولانا طارق جمیل نے شب قدر کے فضائل بیان کیے اور دعا کرائی۔