کراچی(پبلک نیوز) مہران ٹاؤن کی فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کے بعدایف آئی آر درج کر لی گئی ہے.
تفصیلات کے مطابق ایف آئی آر سرکار کی مدعیت میں کورنگی انڈسٹریل ایرایا تھانے میں درج کی گئی ہے. مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 322 کے تحت درج کیا گیا ہے . تعزیرات پاکستان کی یہ دفعہ قتل بالسبب کے ضمرے میں آتی ہے اور یہ ایک قابل ضمانت جرم ہے۔
مقدمے میں بلڈنگ مالک فیصل، فیکڑی مالک علی محتا، عمران زیدی ،سپروائزرظفر،ریحان اور چوکیدار زریں کو نامزد کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے متن کے مطابق فیکٹری میں ہنگامی خروج کا کوئی راستہ نہ تھا جبکہ بالائی منزل کی جانب جانےکا ایک ہی راستہ تھااور چھت پر تالا لگا ہوا تھا، ایف آئی آر کے مطابق فیکٹری میں فائرالارم بھی موجود نہیں تھا.
معاملے پر ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا آئندہ فیکٹریوں کی باقاعدہ انسپیکشن کے اقدامات کریں گے، خلاف ورزی پر جرمانے کیے جائیں گے اور فیکٹریوں کو سیل بھی کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی سے 17 مزدور جاں بحق ہو گئےتھے۔