ویب ڈیسک:ملک بھر کی تاجرتنظیموں کی جانب سے بھاری بجلی کے بلز، ہوشربا ٹیکسز اور تاجر دوست اسکیم کے خلاف آج ملک بھر میں شٹر ڈاون ہڑتال جاری ہے۔ تاجروں سے چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کے مذاکرات ناکام ہوگئے۔ کراچی چیمبر، آئل ٹینکر ایسوسی ایشن، انجن تاجران سمیت ملک بھر کی مختلف تاجر تنظیمیں ہڑتال میں شریک ہیں۔
تفصیلا ت کے مطابق شہر لاہور میں کاروباری سر گرمیوں کو بریک لگ گئی،بے جا ٹیکسز اور بجلی کے زائد بلوں کے خلاف شہر لاہور کی تاجر برادری سراپا احتجاج ہے،شہر کی چھوٹی بڑی بیشتر مارکیٹس بند کردی گئی ہیں،شاہ عالم ،اعظم مارکیٹ ، اردو بازار ، اکبری منڈی ، بادامی باغ ، انار کلی سمیت متعدد مارکیٹس بند ہیں۔شٹر ڈاؤن ہڑتال کے پیش نظر مزدور طبقہ بھی متاثر ہے۔
ہڑتال کے معاملے پر لاہور کی تاجر برادری 2 حصوں میں تقسیم ہو گئی، لنڈا بازار، اردو بازار، انار کلی و دیگر مارکیٹوں کے صدور بازار بند رکھنے کے حامی ہیں، صدر بادامی باغ آٹو مارکیٹ، چیئرمین فیروزپور روڈ نے بھی ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مجاہد مقصود بٹ انجمن تاجران صدر لاہور کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کا رویہ ٹھیک نا رہا تو ہڑتال کا دورانیہ بڑھایا جا سکتا ہے۔
تاجر تنظیموں کی ہڑتال کے باعث کراچی سے خیبر تک کاروباری مراکز بند ہیں اور ہڑتال کے پیش نظر مختلف شہروں میں اسکول بھی بند رکھے گئے ہیں۔
جماعت اسلامی کی کال پر سیلز ٹیکس اور تاجر دوست سکیم کیخلاف ملک بھر میں تاجر برادری کی جانب سے آج مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث ملک بھر میں شہر شہر بازار ، مارکیٹیں، شاپنگ سنٹرز بند رہیں گے، تاجروں کی جانب سے تاجر دوست سکیم اور ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ایف پی سی سی آئی ، جے یو آئی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔
میاں چنوں مین بازار ، پیٹی بازار، ریل بازار اور صرافہ بازار مکمل بند رہے،سوہاوہ،کہوٹہ ، دیر بالا، تنگی،دیر پائین ہیڈ کوارٹر تیمرگرہ بازار،لوئر دیر خال شلفم کاٹلنگ، علیوٹ ، شبقدرہ ، چار سدہ ، مردان ، ایبٹ آباد ، جوہر آباد، دولتالہ، پیرمحل بھی مکمل بند ہے۔
فیصل آباد
فیصل آباد میں ایف بی آر کی جانب سے عائد ٹیکسز اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف تاجروں کی ہڑتال جاری ہے،گھنٹہ گھر کی بازاروں کی دو بڑی تاجر تنظیموں ہڑتال کے معاملے پر تقسیم ہیں اور شہر کی بیشتر بڑی تاجر تنظیموں کا ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔کلاتھ مارکیٹ ، موبائل مارکیٹ ، کریانہ مرچنٹ مارکیٹ کے تاجروں کی ہڑتال جاری ہے۔
غلہ منڈی اور چیمبر آف کامرس نے بھی ہڑتال کا اعلان کردیا ہے جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے چینوٹ بازار سے بجلی کی قیمتوں اور ایف بی آر ٹیکسز کے خلاف ریلی بھی نکالی گئی۔
جماعت اسلامی اور انجمن تاجران کی کال پر ڈجکوٹ میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے،ڈجکوٹ ، تمام کاروباری مراکز مکمل طور پر بند ہیں،پولیس کی بھاری نفری بھی سیکورٹی مقاصد کے لئے بازاروں میں موجود ہے۔
آل سٹی تاجر اتحاد رجسٹرڈ و آل آئرن اسٹیل مرچنٹس ایسوسی ایشن
صدر حماد پونا والا کاکہنا ہے کہ کافی عرصے بعد کراچی کی تاریخ میں تمام ٹریڈرز ایسوسی ایشن، انڈسٹریز، چیمبرز ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوچکے ہیں۔ آج ہونے والی تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال ایف بی آر کے ظالمانہ، ناجائز ٹیکسوں اور کے الیکٹرک کے اوور بلنگ اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف کی گئی ہے،یہ کسی سیاسی پارٹی کی جانب سے کی گئی ہڑتال نہیں بلکہ کراچی کے تمام چھوٹے بڑے تاجروں اور عوام نے مجبور ہو کر یہ اقدام اٹھایا ہے۔
صدر حماد پونا والا نے کہا کہ لہذا یہ عوام اور تاجروں نے حالات سے مجبور ہوکر متحدہ طور پر ہڑتال کی کال دی ہے اس کا کریڈٹ کسی سیاسی پارٹی یا کسی واحد تاجر تنظیم کو نہیں جاتا۔یہ تو ابتداء ہے اگر عوام کے جائز مطالبات نہیں مانے گئے تو لوگ سڑکوں پر بھی نکلیں گے۔حکومت کو اب سمجھ لینا چاہئے کہ اب تمام تاجر تنظیمیں، عوام سب متحد ہوکر ایک پیج پر آچکے ہیں۔عوام کے تمام جائز مطالبات کو سنجیدگی سے لیا جائے اور فی الفور مطالبات پورے کئے جائیں۔
صدر حماد پونا والانے مزید کہا ہے کہ آج کی یہ کامیاب ہڑتال تاجروں اور عوام کے متحد ہونے کا واضح ثبوت ہے جبکہ حمکرانوں کے لئے ایک ویک اپ کال ہے۔آج کی یہ پُرامن ہڑتال سے ضرور انقلاب برپا ہوگا۔ لہذا میری تمام تاجروں اور عوام سے اپیل ہے کہ اس پڑتال کو اسی خوش کے ساتھ پُرامن طریقے سےکامیاب کیا جائے۔
تاجر دوست اسکیم کسی صورت واپس نہیں ہوگی، ایف بی آر
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کے تاجر برادری سے مذاکرات ناکام ہوگئے، چیئرمین ایف بی آر نے تاجر دوست اسکیم واپس لینے سے انکار کردیا۔
جڑواں شہروں میں تاجردوست اسکیم کیخلاف شٹرڈاون ہڑتال
جڑواں شہروں میں بھاری بجلی کے بلز، ٹیکسز اور تاجر دوست اسکیم کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال جارہی ہے، تاجرتنظیموں کی کال پر جڑواں شہروں میں تمام مارکیٹس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
راولپنڈی میں بھی دکانیں اور تجارتی مراکز مکمل طورپربند ہیں جبکہ تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ اشیا ضروریہ کی چیزوں پر ودہولڈنگ ٹیکس واپس لیا جائے، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور سلیب سسٹم ختم کیا جائے اور آئی پی پیز معاہدے ری شیڈول کیئے جائیں۔
تاجر تنظیمیں کے عہدیداران قافلے کی صورت میں اسلام آباد کیلئے رواں دواں ہیں،تاجروں نے مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ دال، آٹے سمیت اشیاء ضروریہ کی چیزوں پر ودہولڈنگ ٹیکس واپس لیا جائے،بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور سلیب سسٹم ختم کیا جائے،آئی پی پیز معاہدے ری شیڈول کیئے جائیں اور کیپسٹی چارجز ختم کیئے جائیں،گیس کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے،ایف بی آر سے جی 236 اور ایچ 236 کو واپس لیا جائے۔
تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ جنرل سیلز ٹیکس کو بھی فوری واپس لیا جائے،صدر، وزیراعظم، وزراء اور دیگر افسران سے بڑی گاڑیاں واپس لی جائیں۔
اسلام آباد میں تاجروں کی شٹر ڈاون ہڑتال
تاجروں نے آج شام تک تاجر دوست سکیم کو ختم کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج شام تک تاجر دوست سکیم کے خاتمے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے۔آج شام تک بجلی کے بلوں میں 13قسم کے ٹیکسز ختم کرنے کا بھی الٹی میٹم دیا گیا ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہڑتال غیر معینہ مدت تک کریں گے۔
صدر مرکزی تنظیم تاجران کاشف چوہدری نے کہا کہ خیبر سے کراچی تک شہر شہر ، گاوں گائوں شٹر ڈاون ہوگا،ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگی۔مطالبات کی منظوری تک کوئی مذاکرات نہیں ہونگے،آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی نہ ہوئی تو ہڑتال جاری رہے گی۔شٹر ڈاون ہڑتال عوام کے غیض و غضب کا اظہار ہے۔
پشاور شہر میں تجارتی مراکز بند
بجلی کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی اور ٹیکسز کے خلاف تاجروں نے آج شٹرڈاون اور ہڑتال کا اعلان کیا ہے، ہڑتال کو پی ٹی آئی، جے یو آئی، جماعت اسلامی اور اے این پی کی حمایت بھی حاصل ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو بات ایک روزہ ہڑتال سے آگے جائے گی،ایک روزہ ہڑتال کے بعد دو روزہ اور پھر غیر معینہ مدت کے لیے ہڑتال ہوگی، ہڑتال ہم شوق سے نہیں کررہے،تاجر بجلی کے بل اصل قیمت پر دینے کے لیے تیار ہیں لیکن آئی پی پیز فارمولے کے مطابق بل دینے کے لیے تیار نہیں۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ اس وقت تاجر بجلی کے بلوں میں 13 قسم کے ٹیکسز ادا کررہے ہیں۔
صوبی، کرک اور کوہاٹ میں تمام کاروباری اور تجارتی مراکز بند
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے اضلاع صوابی، کرک اور کوہاٹ میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور ناروا ٹیکسسز کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔
صوابی میں جماعت اسلامی اور انجمن تاجران کی کال پر ضلع بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے جبکہ تاجروں کے علاوہ ضلع بھر کے تمام پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے بھی ہڑتال کا اعلان کردیا۔
صوابی میں آج تمام پرائیویٹ تعلیمی ادارے بند کردیے گئے، آل کارز ایسوسی ایشن صوابی نے بھی احتجاجاً اپنے تمام بارگین بند کردیے۔
کرک اور کوہاٹ میں بھی بجلی قیمتوں میں اضافے اور ٹیکسسز کے خلاف آج کرک میں شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔ ہڑتال کی تمام انجمن تاجران اور تاجر تنظیموں نے مکمل حمایت کردی۔
آل پاکستان انجمن تاجران سندھ کے صدر نے آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کاروبار مکمل بند رہے گا، ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں میں اضافے کو مسترد کرتےہیں۔
کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان نے کہا کہ کراچی سے خیبر تک تمام تاجر تنظیمیں ہڑتال میں شامل ہیں، مسائل حل نہ ہوئے تو ہڑتال کا دورانیہ بڑھ سکتا ہے۔
کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکیں بلاک کرکے احتجاج
کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکیں بلاک کرکے احتجاج جاری ہے،ملیر، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر کی سڑکیں بند ہیں،گلشن اقبال، ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں نوجوان سڑکوں پر آگئے،ٹرانسپورٹ کو گزرنے نہیں دیا جارہا،کئی مقامات پر ٹائروں میں آگ لگا کر سڑکوں پر ڈال دیئے گئے،موٹر سائیکل سوار نوجوانوں نے دُودھ کی دکانیں بیکری اور کیبنوں کو بھی بند کروادیا۔
شیر شاہ اور مومن آباد میں بھی مہنگی بجلی کیخلاف تاجروں کا احتجاج جاری ہے،مظاہرین نے سڑکوں پر رکاوٹیں لگادیں جبکہ نیو کراچی پاور ہاؤس چورنگی پر علاقہ مکینوں کا احتجاج ہورہا ہے،احتجاج بجلی اور پانی کی عدم دستیابی کے خلاف کیا جا رہا ہے۔
مظاہرین کا کہناہے کہ گزشتہ روز سے علاقہ میں بجلی بند ہے پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے،بھاری بلو کی ادائیگی کے باوجود کے الیکٹرک نے تنگ کیا ہوا ہے،جب تک علاقہ کی لائٹ بحال نہیں ہوتی تب تک احتجاج جاری رہے گا۔