ویب ڈیسک: بالی ووڈ کے معروف اداکار ابھیشیک بچن کو اُن کی اہلیہ ایشوریا رائے کے بجائے والدہ جیا بچن اور بہن شویتا نندا کے ساتھ دیکھ کر مداح مایوس ہوگئے۔
بھارتی میڈیا پر گزشتہ ایک سال سے ایشوریا رائے بچن اور ابھیشیک بچن کی طلاق کی خبریں سرگرم ہیں، اس جوڑی کو اکثر تقریبات میں الگ الگ شرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
ابھیشیک بچن جہاں اپنے والدین اور بہن کے ہمراہ مختلف تقریبات میں شرکت کرتے ہیں تو وہیں اُن کی اہلیہ ایشوریا رائے اپنی بیٹی آرادھیا کے ساتھ تقریب میں انٹری دیتی ہیں جبکہ بچن خاندان کی گروپ فوٹو سے بھی ایشوریا اور اُن کی بیٹی غائب ہوتی ہیں۔
طلاق کی افواہوں کی وجہ سے بھارتی میڈیا نے اپنی نظریں بچن فیملی پر جمائی ہوئی ہیں، اب حال ہی میں ابھیشیک بچن کو اُن کی والدہ جیا بچن اور بہن شویتا نندا کے ہمراہ ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا۔
اس موقع پر ابھیشیک بچن اپنی والدہ اور بہن سے الگ راستہ اختیار کرتے ہوئے اپنی گاڑی کی طرف چلے گئے، اداکار نے نہ صرف الگ راستہ اختیار کیا بلکہ وہ فوٹوگرافرز کے لیے تصاویر بنوانے بھی نہیں رُکے۔
یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اس جوڑی کے مداحوں نے ایک بار پھر ابھیشیک بچن کے ساتھ ایشوریا اورآردھیا کی غیر موجودگی پر غور کیا۔
مداحوں نے سوال کیا کہ ایشوریا اور آرادھیا کہاں ہیں؟، کچھ مداحوں نے بچن فیملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس فیملی نے بھارت کی صفِ اول اداکارہ ایشوریا کی زندگی خراب کردی۔
ایک مداح نے کہا کہ جن گھروں میں شادی شدہ نند کا راج ہوتا ہے، وہاں بہو کا گھر کبھی نہیں بستا جبکہ ایک مداح نے ابھیشیک بچن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مردوں کو کبھی شادی نہیں کرنی چاہیے جو مشکل وقت میں اپنی بیوی بچوں کے ساتھ کھڑا نہ ہوسکیں۔
واضح رہے کہ ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کی شادی سال 2007 میں ہوئی تھی اور ان کے گھر بیٹی آرادھیا کی پیدائش سال 2011 میں ہوئی تھی۔