شہناز گل ابھی سدھارتھ شکلا کی موت کے غم سے سنبھل ہی رہی تھیں کہ اب ان کے والد پر بھی جان لیوا حملہ ہو گیا ہے۔ ان کی گاڑی پر چار بار گولیاں چلائی گئیں۔
اداکارہ شہناز گل سدھارتھ شکلا کی موت کے بعد صدمے میں تھیں، اب وہ آہستہ آہستہ اپنی معمول کی زندگی کی طرف لوٹ رہی تھیں کہ ان کے والد پر جان لیوا حملہ ہوا ہے۔ حال ہی میں شہناز کے والد سنتوکھ سنگھ پر فائرنگ ہوئی ہے۔ اس خبر کے سامنے آنے کے بعد ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔
بگ باس اور پنجابی فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ شہناز گل کے والد سنتوکھ سنگھ پر مبینہ طور پر فائرنگ کر دی گئی ہے۔ یہ واقعہ ہفتہ کی شام امرتسر کے علاقے جنڈیالہ گرو میں پیش آیا۔ پولیس کو دیے گئے ایک بیان میں شہناز کے والد کاکہنا تھا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ان کے سیکیورٹی اہلکار گورداسپوری کے ڈھابے کے قریب ٹوائلٹ گئےاورگاڑی سائیڈ پر کھڑی تھی۔ ان کا کہناتھا کہ اسی دوران دو لوگ بائیک پر آئے اور کار کے قریب رک کر ان پر فائرنگ شروع کردی۔مسلح افراد نے انکی گاڑی پر چار فائر کیے.
واقعے کے وقت سنتوکھ سنگھ اپنی کار میں ڈرائیور کے ساتھ سوار تھے، وہ اس واقعے میں بال بال بچے.واضح رہے کہ وہ دو دن پہلے ہی بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ وہ ہفتہ کو کسی پروگرام میں شرکت کے لیے امرتسر سے بیاس جا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب ان کے سیکیورٹی اہلکاروں نے گولیاں چلنے کی آوازیں سن کر حملہ آوروں پر اینٹیں پھینکیں تو وہ فرار ہو گئے۔ اس کے بعد انہوں نے فوری طور پر جنڈیالہ گرو پولیس کو اطلاع دی اور پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
انہوں نے الزام لگایا ہے کہ پولیس کو بروقت اطلاع دی گئی لیکن ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ اس معاملے میں جنڈیالہ گرو پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر ہرپریت سنگھ نے بتایا کہ پولیس نے موقع سے چار خالی خول برآمد کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 'ابتدائی تحقیقات کے بعد معاملہ کچھ مشکوک پایا گیا ہے اور اس لیے مزید تفتیش کی جا رہی ہے'۔ افسر نے کہا کہ حال ہی میں ان کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی تھی کیونکہ ان کے خلاف کئی مجرمانہ مقدمات درج تھے۔