آئی ایم ایف اسمبلیوں کی 30 فیصد نشستوں کا آڈٹ یقینی بنائے، پی ٹی آئی کا خط

آئی ایم ایف اسمبلیوں کی 30 فیصد نشستوں کا آڈٹ یقینی بنائے، پی ٹی آئی کا خط

(ویب ڈیسک ) خط میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف 2 ہفتوں کے اندر قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 30فیصد نشستوں کا آڈٹ یقینی بنائے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف کو لکھے گئے خط کا متن سامنے آگیا ہے، پی ٹی آئی ترجمان رؤف حسن کی جانب سے آئی ایم ایف کو بھیجے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ یہ خط بانی  پی ٹی آئی کے ایما پر لکھا جا رہا ہے۔ 

خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئی ایم ایف 2 ہفتوں کے اندر قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 30فیصد نشستوں کا آڈٹ یقینی بنائے، آئی ایم ایف پاکستان کو مالی سہولت دینے سے پہلے گڈ گورننس سے متعلق شرائط رکھے اور آئی ایم ایف پاکستان کو مالی سہولت دینے سے پہلے دیگر شرائط سامنے رکھے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کی طرف سے یہ کردار پاکستان کے عوام کے لیے ایک عظیم خدمت ہوگی، صرف پی ٹی آئی نہیں دیگر جماعتیں اور عالمی ادارے الیکشن فراڈ کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کررہے ہیں، آئی ایم ایف کے اصولوں کو سامنے رکھتے ہوئے کسی کو اختیارات کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ 2023 میں بانی پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف نمائندوں کے درمیان بات چیت ہوئی، پی ٹی آئی نے  ملک میں آزادانہ،منصفانہ انتخابات کی شرط اور یقین دھانی پر مالی سہولت کی حمایت پر اتفاق کیا تھا۔

پی ٹی آئی کے خط میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں انتخابات کے انعقاد پر 180ملین ڈالر اخراجات آئے، انتخابات میں ووٹوں کی گنتی میں وسیع پیمانے پر مداخلت اور فراڈ کیا گیا۔

Watch Live Public News