ویب ڈیسک:نوشہرہ کے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 نمازی شہید ہو گئے جبکہ مولانا سمیع الحق کے صاحبزادےمولانا حامدالحق بھی شہید ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہناہے کہ دھماکا مسجد کی اگلی صفوں میں ہوا ہے۔
ڈی پی او عبدالرشید کے مطابق دھماکے میں مولانا سمیع الحق کے صاحبزادے اور جے یو آئی س کے سربراہ مولانا حامدالحق بھی شدید زخمی ہوئے تھے جن کی بعد میں شہادت کی تصدیق کردی گئی ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ایمبولینسز اور ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں، جو زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کر رہی ہیں۔
ریسکیو1122 کے مطابق حقانیہ مدرسہ اکوڑہ خٹک میں دھماکہ کی اطلاع ریسکیو کنٹرول روم کو موصول ہوئی،اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی 4 ایمبولینس بمہ میڈیکل ٹیموں اور فائر ٹیم موقع پر پہنچ گئی،ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ کی صورت متعدد افراد زخمی ہوئے۔
ریسکیو 1122 کا کہناہے کہ ابتدائی طور پر ریسکیو 1122 نے موقع سے 20 افراد کواٹھایا،ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو ایمبولینس میں طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا،ریسکیو 1122 کی 11 ایمبولینسز نے ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن میں حصہ لیا،ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز ہسپتال میں موجود ہیں جو مزید علاج معالجے کے لیے پشاور منتقل کریں گی۔ریسکیو1122 کی ٹیمیوں کی جانب سے زخمیوں کو ہسپتال منتقلی کا عمل جاری ہے۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق مدرسہ حقانیہ اکوڑہ خٹک میں خودکش دھماکا نماز جمعہ کے بعد ہوا، جس کی نوعیت کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خودکش ہے، دھماکے میں مولانا حامدالحق کو نشانہ بنایا گیا، مولانا حامد الحق کی حالت تشویشناک ہے، واقعہ سے متعلق مزید تحقیقات کررہے ہیں، مختلف علاقوں میں تھریٹس موجود ہیں، جمعہ کیلئے 25 جوان تعینات تھے۔
57سالہ حامد الحق حقانی کون تھے؟
57سالہ حامد الحق حقانی دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم تھے۔ وہ 2002 سے 2007 تک قومی اسمبلی کے رکن بھی رہے اور 2018 میں اپنے والد سمیع الحق کے قتل کے بعد جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ بنے تھے۔
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 6 نوشہرہ 2 سے 2002 کے انتخابات میں منتخب ہوئے تھے، تاہم 10 اکتوبر 2007 تک پاکستان کی 12ویں قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد انہوں نے احتجاجاً استعفیٰ دے دیا تھا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک جامع مسجد میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے خود کُش حملے میں نمازیوں کو نشانہ بنانے کے مکروہ فعل کی شدید مذمت کی ہےاور دہشت گرد حملے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنانا مذموم اور گھناؤنا عمل ہے،دہشتگرد ملک و قوم اور اِنسانیت کے دشمن ہیں،صدر مملکت نے واقعے میں جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے دہشت گرد حملے میں جانبحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت اور صبر جمیل کی دعا کی۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان ہر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیااور جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ کا کہناہے کہ دہشتگردی کے اس بزدلانہ اور شرمناک کارروائی ملوث عناصر ملک وقوم کے دشمن ہیں،معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے درندوں کا کوئی مذہب نہیں،دہشتگردی کے اس واقعے میں ملوث عناصر کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
چیئرمین سینیٹ نے اللہ تعالیٰ سے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے جامعہ حقانیہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مولانا حامد الحق کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حکومت سے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔
اسپیکر کے پی اسمبلی کا کہنا ہے کہ علماء کرام پر حملے ناقابلِ قبول ہیں،ملزمان کو کٹہرے میں لایا جائے۔مولانا حامد الحق کی شہادت دینی و علمی حلقوں کے لیے بڑا نقصان ہے۔
دہشتگرد ہمارے عزم کو پست نہیں کر سکتے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی اور ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ اور مذموم دہشت گردی کی کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو پست نہیں کر سکتیں۔ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُر عزم ہیں۔
وزیراعظم نے دھماکے کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری رپورٹ طلب کرلی، گورنر خیبرپختونخوا نے مولانا حامد الحق سمیت دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک دھماکا اسلام و پاکستان دشمن قوتوں کی سازش ہے ، صوبائی حکومت کی نااہلی اور ملی بھگت کا خمیازہ نہ جانے کب تک صوبہ بھگتے گا ، صوبہ میں دہشت گردوں کو بسانے والے حکمرانوں سے نجات انتہائی ضروری ہے.
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے نوشہرہ کی مسجد میں بم دھماکا کی شدید مذمت کرتے ہوئے بم دھماکہ میں زخمی نمازیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ اکوڑہ خٹک جامع مسجد میں نماز جمعہ کے بعدبم دھماکہ کھلی دہشت گردی ہے۔دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتیں گے ،پوری قوم یکسو اور متحد ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور
دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں دھماکا،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے شدید مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ واقعہ کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر مکمل رپورٹ پیش کی جائے،وزیر اعلیٰ نے واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو بروقت ریسکیو کرنے اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہ میں معصوم لوگوں کو دہشت گردی کا نشانا بنانا غیر انسانی فعل ہے،اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،دلخراش واقعہ میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک جامع مسجد میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مولانا حامد الحق سمیت دیگر افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مولانا حامد الحق اور دیگر شہداء کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ مولانا حامد الحق کی شہادت پر دلی دکھ ہوا ہے،وزیرداخلہ محسن نقوی نے مولانا حامد الحق شہید کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ مولانا حامد الحق شہید کے سوگوار خاندان اور عقیدت مندوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔مسجد میں دھماکے کے افسوسناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھناؤنی سازش کر رہا ہے۔قوم کی حمایت سے دشمن کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار
وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے دارالعلوم اکوڑہ خٹک حقانیہ کی جامع مسجد میں دھماکے پر اظہار افسوس و مزمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہناہے کہ دہشتگرد انسان کہلانے کے لائق نہیں ہیں۔وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نے شہداء کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف
دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کی جامع مسجد میں دھماکا،بیرسٹرڈاکٹرسیف نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ملک دشمنوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دینگے،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے کی انکوائری کی ہدایات جاری کر دی ہیں،واقعے میں کئی افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائگاں نہیں جائیں گی، ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے،کابینہ اجلاس میں شہداء کی درجات بلند اور زخمیوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی،صوبائی حکومت شہداء اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے جامعہ حقانیہ اکوڑاہ خٹک میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئےکہا ہے کہ دھماکہ امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے،جامعہ مسجد کو نشانہ بنانا انتہائی افسوس ناک ہے،ملک دشمن قوتیں، مذموم مقاصد کے تحت پاکستان میں شرپسندی کو ہوا دے رہی ہیں،ملک دشمن قوتیں وطن عزیز میں انتشار پھیلانے کے لئے ایک بار پھر سرگرم عمل ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امن قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے،شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر شریک ہیں،مولانا حامد الحق اور دیگر زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں،جماعت اسلامی اور الخدمت کے ذمہ داران کو زخمیوں کو فوری خون کے عطیات کی ہدایت کردی۔
مشیر صحت احتشام علی
مشیر صحت احتشام علی نے اکوڑہ خٹک مدرسے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اکوڑہ خٹک مدرسے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں،پشاور، مردان اوت نوشہرہ سمیت آس پاس کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،ڈی جی ہیلتھ اور سیکرٹری آفس سمیت تمام مراکز صحت کو ارٹ کردیا گیا ہے۔پشاور کے این ٹی آئیز کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔
مشیر صحت احتشام علی نے مزید کہا کہ دھماکے کے زخمیوں کو ہر طرح کی طبی سہولیات مہیا کی جائینگی،ہسپتال میں پہلے سے زخمیوں کے علاج کیلئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔
حکومتی پالیسیوں نے امن تباہ کردیا، ترجمان جے یو آئی
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے دھماکے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں دھماکا افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ اب مساجد اور مدارس بھی محفوظ نہیں رہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں نے امن وامان تباہ کردیا ہے۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔جے یو آئی کارکن اور رضا کار ہر قسم کا تعاون کریں۔ کارکن زخمیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ خون کے عطیات دیں۔
چیئرمین قومی وطن پارٹی آفتاب احمد خان شیرپاؤ
آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ دارلعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے بم دھماکہ کو غیر انسانی فعل قرار دیتے ہوئے اس کی شدیدالفاظ میں مزمت کرتے ہیں۔ معصوم افراد کو ٹارگٹ کرناانتہائی گھناؤنا فعل ہے، اس واقعہ کاسخت نوٹس لینا چاہیے۔
چیئرمین قومی وطن پارٹی نے کہا کہ مسجد کے اندر ہونے والے اس درد ناک واقعہ پر پوری قوم افسردہ ہیں اور ان کی ہمدردیاں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اس قسم کے واقعات کا مقصد ملک میں امن و امان کی صورتحال مزیدخراب کرنا ہے۔ جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال ایم ٹی آئی
ترجمان محمد عاصم کا کہناہے کہ اکوڑہ خٹک دھماکے کے زخمیوں کی ممکنہ آمد کے پیش نظر ایل آر ایچ ایمرجنسی کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ایل آر ایچ انتظامیہ اور طبی عملہ زخمیوں کے علاج کے لئے تیار ہے۔کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں ایمرجنسی ہائی الرٹ ہے۔فلحال کسی زخمی یا ڈیڈ باڈی کو ایل آر ایچ شفٹ نہیں کیا گیا ہے۔