مائیکروسافٹ کا اسکائپ کو ہمیشہ کیلئے بند کرنے کا فیصلہ 

مائیکروسافٹ کا اسکائپ کو ہمیشہ کیلئے بند کرنے کا فیصلہ 

(ویب ڈیسک ) رپورٹس کے مطابق مئی 2025 سے اسکائپ سروس ختم ہو جائے گی۔

دنیا کی ایک مقبول ترین آڈیو اور ویڈیو کالنگ سروس کا عہد 2 دہائیوں کے بعد ختم ہونے کے قریب ہے۔  مائیکرو سافٹ نے اپنے ویڈیو کالنگ پلیٹ فارم اسکائپ کو ہمیشہ کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ   اسکائپ دنیا کی ان اولین سروسز میں سے ایک ہے جس سے صارفین کو انٹرنیٹ پر دنیا بھر میں آڈیو اور کالنگ سروس کی سہولت حاصل ہوئی تھی۔

ایکس ڈی اے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز کے لیے اسکائپ کے تازہ ترین ورژن کے پریویو میں اس سروس کی بندش کا میسج شامل کیا گیا ہے۔

میسج میں بتایا گیا ہے کہ  مئی 2025 سے اسکائپ سروس ختم ہو جائے گی۔

اس طرح اسکائپ کے 22 سال طویل عہد کا اختتام ہوگا۔

اس سروس کو 2003 میں متعارف کرایا گیا تھا اور 2011 میں اسے مائیکرو سافٹ نے خرید لیا تھا۔

اسکائپ کو اب مائیکرو سافٹ کے اندر ہی سخت مسابقت کا سامنا ہے کیونکہ کمپنی نے 2017 میں ٹیمز کو متعارف کرایا تھا۔

ٹیمز کو سلیک جیسے پلیٹ فارمز کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا اور اسے عالمی سطح پر متعدد کمپنیوں کی جانب سے اندرونی رابطوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

ٹیمز کی مقبولیت کے بعد کافی عرصے سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے اسکائپ کو ریٹائر کیا جاسکتا ہے۔

نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  جو صارفین ابھی بھی اسکائپ استعمال کر رہے ہیں انہیں ٹیمز پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا جائے گا۔

پریویو میسج کے مطابق ان صارفین کو کہا جائے گا کہ کالز اور چیٹس کو ٹیمز پر جاری رکھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  یہ میسج بہت جلد اسکائپ ایپ میں تمام صارفین کو نظر آئے گا۔

تاہم  مائیکرو سافٹ کی جانب سے ابھی اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

Watch Live Public News