اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بیان پر قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جرنل نیئر بخاری نے فرحت اللہ بابر ، قمر زمان کائرہ سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ہمیشہ الزامات کی سیاست کی ہے اور انہوں ںے گذشتہ روز بھی آصف زرداری پر سنگین الزام لگایا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سابق وزیر اعظم عمران خان کے جھوٹے الزام کو مسترد کرتی ہے جب کہ عمران خان نے خود شدت پسندوں سے معاہدہ بھی کیا کہ انہیں صوبائی اسمبلیاں تحلیل نہیں کرنی چاہیئے تھیں۔ عمران خان ڈپریشن کا شکار ہیں ۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سیاست جمہوری نہیں ہے اور انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت پر سنگین الزام لگایا کہ دہشتگرد تنظیم کو میرے اوپر حملے کیلئے پیسے دیئے گئے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی ملک مشکل دور سے گزر رہا ہوتا ہے تب عمران خان غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ان کے الزامات کی انکوائری ہونی چاہیے اور عمران خان کے اس الزام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہیں سپریم کورٹ عمران خان کے بیان کا نوٹس لے اور تحقیقات بھی ہونی چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دور اقتدار میں کوئی بھی سیاسی گرفتاری نہیں ہوئی ہے جب کہ فواد چودھری کی گرفتاری الیکشن کمیشن کی درخواست پر ہوئی ہے ۔