منامہ ( پبلک نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر بحرین کے دارالحکومت منامہ پہنچ گئے۔ منامہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبدالطیف بن راشد الزیانی اور بحرین میں تعینات پاکستانی سفیر محمد ایوب نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ آج منامہ میں منعقدہ پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے دوسرے اجلاس میں شرکت کریں گے اور پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے دوسرے اجلاس میں خصوصی خطاب کریں گے۔ وزیر خارجہ، دورہ ء بحرین کے دوران اپنے بحرینی ہم منصب سمیت بحرین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہء خیال کیا جائے گا۔ وزیر خارجہ، بحرین میں مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کریں گے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔ توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا یہ دورہ ،پاکستان اور بحرین کے درمیان دو طرفہ برادرانہ تعلقات کے استحکام اور اقتصادی و تجارتی روابط کے فروغ کیلئے معاون ثابت ہو گا۔